18 جنوری 2015
وقت اشاعت: 13:56
اب میں اپنا پورا زور خیبر پختونخوا میں لگانے لگا ہوں، عمران خان
جیو نیوز - اسلام آباد......... چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اب میں اپنا پورا زور خیبر پختونخوا میں لگانے لگا ہوں، ہم ثابت کر کے دکھائیں گے کہ خیبر پختونخوا باقی سب صوبوں سے مختلف ہوگا، خیبر پختونخوا میں بڑے شہروں کی صفائی کریں گے۔ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے دھرنا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ تبدیلی آ گئی ہے، تبدیلی تو میرے گھر میں بھی آ گئی ہے، سانحہ پشاور کے دکھ کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، اگر کسی کا یہ خیال ہے کہ ہم موقف سے پیچھے ہٹ جائیں گے تو وہ غلط فہمی میں نہ رہے، جہلم اور فیصل آباد میں گولیاں چلانے والوں کو جیلوں میں ڈلوائیں گے، رانا ثناء اللہ اس سال نہیں تو اگلے سال تم جیل میں جائوگے۔ چیئرمین تحریک انصاف کا مزید کہنا تھا کہ جو حلقہ بھی کھل رہا ہے اس میں دھاندلی سامنے آ رہی ہے، بہت سے غریب، کئی چھابڑی والے بھی ہمارے دھرنے میں آئے، نئے پاکستان میں سب سے زیادہ پیسہ تعلیم پر خرچ ہوگا، پاکستان میں انصاف کا نظام صحیح کام نہیں کر رہا، حکومت نے بیوروکریسی میں میرٹ کو ختم کر دیا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ آرمی پبلک اسکول میں بھی بچوں نے نعرہ لگایا کہ آئی آئی پی ٹی آئی۔ انہوں نے دھرنے کے شرکا سے پوچھا کہ بچوں نے دوسرا نعرہ کیا لگایا؟ تو شرکا نے جواب دیا "گو نواز گو"۔