19 جنوری 2015
وقت اشاعت: 7:31
پٹرول بحران: تعلیمی ادروں میں اساتذہ اور طلباء کی حاضری کم
جیو نیوز - لاہور ........لاہور میں پٹرول کا بحران شدت اختیار کرچکا ہے۔ زندگی کے مختلف شعبوں کی طرح طالب علموں کو بھی پٹرول کی کمی کے باعث سکول جانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تعلیمی ادروں میں اساتذہ اور طلباء کی حاضری کم ہو گئی ہے۔ پٹرول کے بحران کا جن دن بدن سر اٹھاتا جا رہا ہے اور حکومت کمیٹی پہ کمیٹی بنانے میں مصروف ہے۔پٹرول نہ ملنے سے جہاں عام شہری رل گئے ہیں وہاں طالب علم بھی پریشانی کاشکار ہیں ۔ اپنی گاڑی میں امی ابو کے ساتھ یا پک اپ ویگن کے ذریعے سکول آنے والے بچے اب رکشے ،تانگے اور پیدل پہنچنے پر مجبور ہیں۔ والدین اور ڈرائیور وں کاکہناہے کہ پٹرول نہ ملنے کے باعث بچوں کو سکول سے چھٹی کرانے پر مجبور ہوگئے ہیں ۔اتوار کو تھوڑا سا پٹرول ملا تو آج سکول چھوڑنے چلے آئے۔ مہنگائی ، سوئی گیس اور بجلی کے بحران کےستائے اساتذہ کہتے ہیں کہ سکول مشکل سے پہنچ بھی جائیں تو آدھی سے زیادہ کلاس خالی دیکھ کر دل ٹوٹ جاتا ہے۔ پڑھائیں تو کیا پڑھائیں۔ والدین اور اساتذہ سیکورٹی کے حوالے سے پہلے ہی پریشان تھے اب پٹرول کے بحران نے تو ان کی پریشانیوں میں مذیداضافہ کردیاہے۔ طالب علم تعلیم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ وہ علم کے حصول کے لئے تڑپ بھی رہے ہیں لیکن پٹرول کا بحران علم، کے حصول میں سب سے بڑی رکاوٹ بن گیا ہے۔