21 جنوری 2015
وقت اشاعت: 4:24
ملک بھر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا
جیو نیوز - کراچی.....گرجتے برستے بادلوں نے کراچی کا رخ کرلیا، موسلادھار بارش کے باعث شہر میں جاتی سردیاں رک گئیں، پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی صبح سے بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔ شہر قائد میں بارش کا سلسلہ منگل کی رات شروع ہوا ۔ صدر، کیماڑی، منوڑا ، محمود آباد، ڈیفنس ،کلفٹن، قیوم آباد اور کورنگی میں صبح تک وقفے وقفے سے کبھی تیز تو کبھی ہلکی بارش ہوتی رہی۔حیدرآباد سمیت سندھ کے بعض شہروں میں بھی منگل کی رات بارش ہوئی۔پنجاب کے شہروں فیصل آباد،بھکر،وہاڑی چیچہ وطنی اور دیگر شہروں میں بھی صبح سویرے ہی بادلوں نے برسنا شروع کردیا۔ شمالی بلوچستان میں کوژک ٹاپ پر وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ زیارت،کان مہترزئی اور خانوزئی میں برفباری کے بعد ٹھنڈی یخ ہوائیں خون جمارہی ہیں ۔پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بھی موسم سرما پوری شدت کے ساتھ موجود ہے ۔گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور قبائلی علاقہ جات میں بھی پہاڑوں اور بالائی علاقوں میں حالیہ برفباری کے بعد سردی میں اضافہ ہوا ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق شمالی بلوچستان میں کوئٹہ ژوب اور قلات ڈویژن میں اکثر مقامات جبکہ خیبر پختونخوا،اسلام آباد، راولپنڈی، سرگودھا، ملتان، ڈی جی خان ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔منگل کو سب سے کم درجہ حرارت پاراچنار اور اسکردو میں منفی 8 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔