21 جنوری 2015
وقت اشاعت: 20:3
فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت قابل مذمت ہے ،الطاف حسین
جیو نیوز - لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ بین الاقوامی منصوبے کے تحت ساؤتھ ایشیا میں بھارت کی اجارہ داری قائم کرنے کی سازش کی جارہی ہے اور پاکستان میں مذہبی منافرت اور فرقہ واریت کی آگ بھڑکاکر پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کا عمل اسی سازش کا حصہ ہے، ان حالات میں پاکستان سے محبت کرنے والے ہر شہری کو متحد ہوکر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کا ساتھ دینا چاہیے اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے کھل کر مطالبہ کرنا چاہیے کہ وہ کھل کر ملک کا انتظام سنبھالیں۔ یہ بات انہوںنے ڈسٹرکٹ راولپنڈی کے ذمہ داران ،کارکنان اور خواتین کارکنان کی فکری نشست سے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ایم کیوایم پنجاب کے صدر میاں عتیق بھی موجود تھے ۔الطاف حسین نے ’’ایثاروقربانی اور احساس ذمہ داری ‘‘ کے موضوع پراپنے خطاب میں ملک کی مجموعی صورتحال اور ملک کو درپیش چیلنجوں پر بھی اظہارخیال کیااور کہاکہ فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت قابل مذمت ہے ، فرانس ،مسلم ملک نہیں ہے لیکن فرانس سمیت تمام ممالک کو دیگر مذاہب کے لوگوںکے جذبات کا احساس کرنا چاہیے اور کسی بھی مذہب کی مقدس ہستیوںکا مذاق نہیں اڑانا چاہیے ، پاکستان میں گستاخانہ خاکوںکی اشاعت پر مذہبی جماعتیں جلسہ جلوس نکال رہی ہیں جبکہ پاکستان میں طالبان دہشت گردوںنے آرمی پبلک اسکول پشاورپر حملہ کرکے ڈیڑھ سو بچوں کو گولیاںمارکرشہید کردیا ، متعدد بچوں کو ذبح کردیا، کامرہ ائیربیس، نیول ائیربیس، جی ایچ کیو ہیڈکوارٹر، سی آئی اے ، ایف آئی کی عمارت، آئی ایس آئی کے دفتر، کراچی ائیرپورٹ ، مساجد، امام بارگاہوں ، اسکولوں اوربازاروں پر حملے کرکے ہزاروںبے گناہ سویلین اور فوجیوںکو شہید وزخمی کردیا لیکن ان مذہبی جماعتوںکی جانب سے طالبان کی دہشت گردی اور قتل وغارتگری کے خلاف کوئی احتجاجی مظاہرہ نہیں کیاجاتا۔ الطاف حسین نے کہاکہ اسلام آباد کی لال مسجد کے خطیب کے خلاف ایف آئی آر درج ہے لیکن اسے گرفتارنہیں کیاجاتا، کالعدم تنظیمیں نام بدل بدل کر کام کررہی ہیں اوران تنظیموں کے رہنماء کھلے عام جلسہ جلوس میں تقاریر کررہے ہیں لیکن ان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جاتی ۔الطاف حسین نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کا ساتھ دینا چاہیے اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے کھل کر مطالبہ کرنا چاہیے کہ وہ ملک کا انتظام سنبھالیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم ، پاکستان سے فرسودہ جاگیردارانہ اور بے لگام سرمایہ دارانہ نظام کاخاتمہ چاہتی ہے،تاکہموروثیت کاخاتمہ ہو اور ملک پرغریب ومتوسط طبقہ کے تعلیم یافتہ ، باصلاحیت اور ایماندار افراد کی حکمرانی قائم ہو۔ اس کیلئے غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کو ایثار وقربانی کے جذبے اور احساس ذمہ داری کے ساتھ اپنے اپنے فرائض ادا کرنے ہوں گے۔