تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
22 جنوری 2015
وقت اشاعت: 17:35

لاہور مظاہرہ، پولیس کارروائی میں زخمی بچے سے سپرنٹنڈنٹ کی معافی

جیو نیوز - لاہور.........پولیس کو تو آپ جانتے ہی ہیں، کہیں کوئی مظاہرہ ہوتا ہے تو اپنے انداز میں مظاہرین سے نمٹتی ہے، یہ تک نہیں دیکھتی کہ سامنے نابینا افراد ہیں یا بچے،لاہور میں آج کچھ طالب علموں نے اپنے اسکول کے لیے مظاہرہ کیا، پولیس نے کیا سلوک کیا۔کالی وردی والوں نے آج اپنے سینے پر ایک اور میڈل سجالیا،ایک مہینہ پہلے لاہور میں آنکھوں کی روشنی سے محروم کچھ لوگوں پر ان آنکھ والوں نے اندھوں کی طرح لاٹھیاں برسائیں تھیں،آج اسکول کے معصوم بچوں پر لٹھ لے کر چڑھ دوڑے۔ گورنمنٹ اسلامیہ ہائی اسکول کے طالب علم کلاسوں کے بجائے صبح سڑکوں پر تھے،بس یہیں پولیس کے ویر جوان، ڈنڈے سوٹے لے کر پل پڑے۔ ڈیڑھ مہینے سے بند اسکول کے بچوں کا یہی قصور تھا کہ وہ پڑھائی جاری رکھنا چاہتے تھے، لیکن بہادر پولیس والوں سے ننھے بچوں کی معصوم صدائیں بھی برداشت نہ ہوئیں۔ والدین کو گھسیٹا،کسی کو سڑک پر دھکیلا، دھکم پیل اور مارا ماری کی زد میں چند بچے بھی آگئے، چند منٹوں کے دوران سڑک صاف کرا کر ماتحتوں نے اپنی ایفیشنسی کی خبر افسران کو سنادی۔ ایس پی سٹی اسد سرفراز کو واقعے کی اطلاع ملی تو انہوں نے اسکول پہنچ کر معافی تلافی بھی کرلی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لے کر تحقیقات کا حکم دے دیا۔ معافی ہوگئی، تحقیقات کا حکم بھی جاری ہوگیا، لیکن جو اسکول ڈیڑھ مہینے سے بند ہے وہ کب کھلےگا، جن بچوں پر تشدد کیا گیا اس کے ذمہ داروں کے خلاف کیا کارروائی ہوگی،ان سوالوں کے جواب نہیں ملے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.