تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
22 جنوری 2015
وقت اشاعت: 18:39

مقدمات کی بھرمار کی ذمے دار حکومت ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

جیو نیوز - اسلام آباد ..........اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتوں کے روبرو بڑی تعداد میں مقدمات کی بھرمار ہونے کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیا ہے اور وفاقی حکومت کو ہدایت کی کہ سرکاری ملازمین کے مقدمات سے نمٹنے کے لیے سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے جج پر مشتمل فورم بنایا جائے۔ سرکاری ملازمین سے متعلق مقدمے کا یہ فیصلہ جسٹس اطہر من اللہ نے دیا۔ محمد اجمل بنام او جی ڈی سی ایل وغیرہ کے کیس کے فیصلے میں انہوں نے لکھا کہ وفاقی حکومت کے زیر انتظام اداروں کے ملازمین کی سروس کے متعلق مقدمات کی ایک بڑی تعداد عدالتوں میں ہے۔ ان مقدمات سے ان اداروں میں خراب طرز حکمرانی کی عکاسی ہوتی ہے۔ یہ مقدمات عدالتوں میں پھنسے رہتے ہیں جن کی وجہ سے یہ تاثر پیدا ہوتا ہے کہ ملازمین کی کوئی نہیں سنتا اور ان کے مسائل حل نہیں ہوتے۔ فیصلے میں لکھا ہے کہ اکثر ملازمین اپنے محدود وسائل کے سبب مقدمات کا خرچہ بہ مشکل اٹھا سکتے ہیں اور کئی ملازمین انصاف کے حصول کے دوران ریٹائر بھی ہوجاتے ہیں۔ جسٹس اطہر من اللہ نے وفاقی حکومت کو ہدایت دی کہ سرکاری ملازمین کیلئے مسائل کے متبادل حل کا فورم آلٹرنیٹ ڈسپیوٹ ریزولیوشن فورم تشکیل دیا جائے۔ فیصلے میں تجویز پیش کی گئی کہ حکومت چاہے تو سپریم کورٹ یا ہائی کورٹ کے کسی ریٹائرڈ جج کو مقرر کرکے فورم تشکیل دے سکتی ہے تاکہ ایسے مقدمات کی سماعت ہو سکے جو فیڈرل سروسز ٹریبونل کی حد میں نہیں آتے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.