22 جنوری 2015
وقت اشاعت: 19:27
روشنیوں کے شہر نے سرمئی گھٹائیں اوڑھ لیں
جیو نیوز - کراچی.......روشنیوں کے شہر نے سرمئی گھٹائیں اوڑھ لیں،کراچی میں ابھی سردی اور بارش اُس حد کو نہیں پہنچیں کہ لوگ ’’حد ہوگئی‘‘ کہنے پر مجبور ہوجاتے ہیں، مطلب یہ کہ شہر کا موسم بہ دستور خوشگوار ہے اور لوگ دل کھول کر انجوائے کررہے ہیں۔ کراچی میں موسم کا پارہ آج بھی معمول سے نیچے رہا، صبح سے شام تک ٹھنڈی ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں۔ موسم کی دلکشی شہریوں کے موڈ پر بھی اثرانداز ہوئی اور وہ سارا دن موسم کا لطف اُٹھاتے رہے۔ موسم کی بدلی ادا نے تفریحی مقامات کی رونقیں بحال کردیں، دلکش نظاروں کو انجوائے کرتے نوجوانوں نے موسم کو بھر پور انداز میں انجوائے کیا۔ خوشگوار موسم کا اثر انسانوں کے علاوہ درختوں اور نکھری نکھری فضا میں اُڑتے پرندوں میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔ کراچی میں بارش کی وجہ سے سردی کچھ بڑھی تو گرم کپڑوں اور گرم مشروبات کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سردی کی لہر ابھی کئی دن جاری رہے گی۔