تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
22 جنوری 2015
وقت اشاعت: 19:59

پٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جائے، اب شکایت نہیں آنی چاہیے، وزیر اعظم

جیو نیوز - اسلام آباد.........وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پٹرول کی فراہمی یقینی بنائی جائے، اب کوئی شکایت نہیں آنی چاہیے، پی ایس او کے لیے ایک لاکھ ٹن پٹرول لے کر جہاز چل پڑے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہاہے کہ ملک کے تمام حصوں میں پٹرول کی سپلائی ہر صورت یقینی بنائی جائے، اب کوئی شکایت نہیں آنی چاہیے۔وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت پٹرولیم کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف اور متعلقہ وزارتوں کےاعلیٰ حکام شریک ہوئے۔ وفاقی وزیرپٹرولیم شاہد خاقان عباسی بیرون ملک دورے کے باعث شریک نہیں ہوئے۔ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی آئندہ دو ماہ میں طلب اور رسد کے انتظامات کا جائزہ لیاگیا۔ وزارت پٹرولیم نے تازہ رپورٹ پیش کی کہ پٹرول کے بحران میں بڑی حد تک کمی آچکی ہے، پٹرول پمپس کو گذشتہ تین روز سے 18 سے 19 ہزار ٹن پٹرول یومیہ فراہم کیا جارہاہے۔ خصوصی سیل کے مطابق فی الحال ملک کے کسی حصے سے پٹرول کی قلت کی شکایت موصول نہیں ہو رہی۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ ملک میں پٹرول کی سپلائی بلا تعطل یقینی بنانے کے لیے باہمی رابطوں اور تعاون کو موثر بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں پٹرول کا کم از کم ذخیرہ یقینی بنایا جائے،اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، اب عوام کو پٹرول کی قلت کی کوئی شکایت نہیں آنی چاہئے، عوام کو مشکلات کا شکار کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.