22 جنوری 2015
وقت اشاعت: 20:0
تحریک انصاف اور ن لیگ مل کر پولیو کے خلاف جنگ کریں گی
جیو نیوز - پشاور.........میاں صاحب کی نون لیگ اور خان صاحب کی پی ٹی آئی نے اتحاد قائم کرلیا ہے، سیاست کا نہیں صحت کا اتحاد۔ دونوں جماعتیں مل کر بچوں کی 9بیماریوں کے خلاف خیبرپختونخوا اور فاٹا میں مہم چلائیں گی۔ بچوں کی بیماریوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ گورنر خیبر پختونخوا سردار مہتاب احمد خان کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔ جس میں وزیر اعلیٰ پرویز خٹک، کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان سمیت صوبے اور فاٹا کے اعلیٰ حکام نےشرکت کی۔ اجلاس میں خطے میں بچوں کی بیماریوں کے حوالے سے صورت حال پرتشویش کا اظہار کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف بچوں کی 9بیماریوں جن میں خسرہ، تشنج، پولیو، کالی کھانسی، خناق، نمونیہ، ٹی بی، ہیپا ٹائٹس اے اور بی شامل ہیں۔ ان کے خلاف مل کر جدوجہد کریں گے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ سیکورٹی فورسز بھی اس نیک کام میں مکمل تعاون کریں گی۔ جس کے لئے لائحہ عمل جلد بنایا جائے گا۔ صحت کا اتحاد کے نام سے اس پروگرام میں دونوں جماعتوں کے کارکن بھی مدد فراہم کریں گے۔ بعض سرکاری ذرائع نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ صحت کا اتحاد کے نام سے اس پروگرام میں سب سے زیادہ دلچسپی تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے لی تھی جس کو عملی جامہ پہنانے کے لئے کام صوبے کے گورنر سردار مہتاب احمد خان نے کیا۔