22 جنوری 2015
وقت اشاعت: 22:9
لوڈشیڈنگ جتنی ہے اتنی ہی رہے گی،قائم مقام سیکریٹر ی پٹرولیم
جیو نیوز - اسلام آباد ....سیکریٹری پٹرولیم نے تسلی دی ہے کہ ملک میں بجلی کی پیداوار کیلئے فرنس آئل کا کافی ذخیرہ موجود ہے ، بجلی کا بحران پیدا ہونے کا خدشہ نہیں ہے۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی پٹرولیم کے اجلاس میں قائم مقام سیکریٹری پٹرولیم ارشد مرزا نے بتایا کہ پٹرول کی سپلائی بہتر ہونے سے پٹرول پمپس پر قطاروں میں کمی ہو رہی ہے ، بجلی کی پیداوار کیلئے ملک میں فرنس آئل کا کافی ذخیرہ ہے ، بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں بڑھے گی اور نہ ہی بجلی کا کوئی بحران پیدا ہو گا ۔ رکن کمیٹی عبد النبی بنگش نے ایک بار پھر ٹل کو گیس فراہم کرنے کا مطالبہ کیا جس پر ایم ڈی سوئی ناردرن عارف حمید نے کہا کہ ٹل میں گیس دینے کو تیار ہیں، حکومت فنڈز فراہم کر دے۔ عبد النبی بنگش نے کہا کہ سوئی ناردرن اپنے حصے کے فنڈز سے منصوبہ شروع تو کرے۔ تاہم ایم ڈی سوئی ناردن نے کہا کہ پالیسی اور قواعد اجازت نہیں دیتے ۔کمیٹی نے وزارت پٹرولیم کو ہدایت کی کہ گیس پیدا کرنے والے ایسے علاقوں کی لسٹ تیار کی جائے جو گیس فیلڈ سے 5کلو میٹر کے اندر ہیں اور وہاں گیس کی سہولت نہیں۔