تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
23 جنوری 2015
وقت اشاعت: 4:0

بھارت فروری میں 20 ہزار پاکستانیوں کوطویل مدتی ویزے دیگا

جیو نیوز - کراچی.... رفیق مانگٹ...... بھارتی اخبار”ہندوستان ٹائمز“ کے مطابق بھارت میں قیام کرنے والے 20 ہزار پاکستانی سندھیوں کو بھارتی حکومت طویل مدتی ویزے یا شہریت دینے جارہی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق ریاست مدھیہ پردیش کے سب سے بڑے شہر اندور میں 19سے20فروری کو اس سلسلے میںایک خصوصی کیمپ کا انعقاد کیا جائے گا، جہاں مرکزی حکومت ان 20 ہزار پاکستانیوں میں ویزے یا شہریت تقسیم کر یگی۔ اندور میں سندھیوں کی کثیر تعداد پاکستان سے مستقل طور پر بھارت منتقل ہو چکی ہے اور وہ بھارتی حکومت سے طویل مدتی ویزے اور شہریت کا مطالبہ کرتے آرہے ہیں۔تارکین وطن ہندو ہیلپ سنٹر (MHHC) اور بین الاقوامی ترقیاتی تنظیم (IDA) کے چیئرمین شنکر للوانی نے کہا کہ انہیں اس سلسلے میں مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے خط موصول ہوا ہے جس میں کہا کہ اس طرح کے کیمپ بھوپال میں 12 اور 13 فروری، بناسکا نتھا اور گجرات میں 19 اور 20 فروری میں منعقد کیے جائینگے۔موجودہ وقت میں سندھیوں کو باقاعدگی سے ویزے کی تجدید کرانی پڑتی ہے۔ اندور میں تمام پاکستانی سندھیوں کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنی دستاویزات تیار رکھیں اور ان کیمپوں سے فائدہ حاصل کریں۔ رپورٹ کے مطابق 12 دسمبر، 2014 کو بھارتی وزارت داخلہ کی طرف سے اجلاس منعقد کیا گیا تھا جس میں تما م ریاستی حکومتوں کے نمائندوں سے بھارت میں رہنے والے سندھیوں کو شہریت اور طویل مدتی ویزے جاری کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہریت اور طویل مدتی ویزوں کی تقسیم کے موقع پر ان کیمپوں میں وزارت داخلہ کے ڈپٹی سیکریٹری، ریاستی حکام اور سینئر اندور انتظامیہ موجود ہونگے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.