23 جنوری 2015
وقت اشاعت: 12:52
لاہور: اسلامیہ ہائی اسکول کا تنازع حل ہو گیا
جیو نیوز - لاہور........ لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ کے گورنمنٹ اسلامیہ ہائی اسکول کا تنازع حل ہوگیا،والدین اور بچوں کا احتجاج رنگ لایا،محکمہ تعلیم نے مذاکرات کے بعد ادارے کواین جی او کے حوالے کرنے کا فیصلہ سنایا تو بچے اور والدین خوشی سے جھوم اٹھے۔ گورنمنٹ اسلامیہ ہائی اسکول کی سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کو حوالگی کے خلاف طلباء اور والدین نے دوسرے روز بھی احتجاج کیااور شدید نعرے بازی کی، سیکریٹری اسکولز اور ای ڈی او ایجوکیشن مذاکرات کیلئے اسکول پہنچ گئے،بات چیت کامیاب رہی ،ادارےکو این جی او کی نگرانی میں چلانے کےفیصلے پربچے خوشی کے نعرے لگاتے رہے۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود، سی سی پی او لاہور،ڈی سی او لاہور نےمشترکہ کانفرنس بھی کی،رانا مشہود کا کہنا تھا کہ سیکورٹی نکتہ نظر سےاسکولوں کے باہر ٹریفک جام نہیں ہونی چاہیے،پولیس بچوں کو صرف ہٹانے آئی تھی۔ سی سی پی او لاہور امین وینس کا کہنا تھا کہ پولیس معصوم بچوں کی حفاظت کے لیے اسکولوں کے باہر ڈیوٹی دیتی ہے،ان پر تشدد کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ اسکول کے طلباء کا کہنا ہے کہ وہ دل لگا کر صرف پڑھائی پر توجہ دیں گےتاکہ تعلیمی میدان میں ملک و قوم کا نام روشن کر سکیں۔