23 جنوری 2015
وقت اشاعت: 15:48
پیٹرول کی قلت کے ذمے دار عوام، میڈیا اور بھکاری ہیں، شاہد خاقان
جیو نیوز - اسلام آباد.........وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کہا ہے کہ پٹرول کی قلت کے ذمہ دار عوام، میڈیا اور بھکاری ہیں، پیسوں کی قلت کا پی ایس او کے مالی حالات اور پٹرول کے اسٹاک سے کوئی تعلق نہیں۔ پٹرول کے بحران پر سینیٹ کی خزانہ، پٹرولیم، پانی اور بجلی کی تین کمیٹیوں کو یکجا کرکے مشترکہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں پٹرول بحران کی وجوہات اور ذمہ داروں کاتعین ہونا تھا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف، اجلاس میں پیش نہ ہوئے، جس پر سینیٹر سیخ پا ہوگئے اور علامتی واک آؤٹ کرڈالا۔ وزیرپٹرولیم شاہدخاقان عباسی نے اپنے بیان میں پٹرول بحران کا ذمہ دارعوام کو قرار دیا جبکہ دوسرا ذمہ دار میڈیا رہا، جس نے عوام کے اس مسئلے کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا۔ اوگرا چیئرمین سعید خان نے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں پٹرول 300روپے فی لٹر تک فروخت ہوا۔ اجلاس میں مولا بخش چانڈیو اور وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی اور سینیٹر زاہد خان کے درمیان بھی تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ تاہم تمام سینیٹرز اور تین چیئرپرسنز نے متعلقہ وزارتوں کے جوابات اور وضاحت کو غیر تسلی بخش قرار دیا۔