تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
23 جنوری 2015
وقت اشاعت: 17:25

کراچی :جماعت اسلامی کے تحت ’’یوم شان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ منایا گیا

جیو نیوز - کراچی.........فرانس اور امریکا میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کی اپیل پرپورے ملک کی طرح کراچی میں بھی’’یوم شان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم‘‘ کے طور پر منایا گیا۔ اس سلسلے میںاضلاع کی سطح پر گلشن ِ اقبال، گلستان جوہر، پی آئی بی کالونی، ملیر، شاہ فیصل کالونی، گلبرگ، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، نیو کراچی، اورنگی ٹائون، بلدیہ، موسیٰ لین لیاری، کلفٹن، ڈیفنس، لانڈھی، کورنگی اور دیگر مقامات پر مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔مظاہروں میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور خاکوں کی اشاعت کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔مظاہروں سے جماعت اسلامی کے ضلعی امراء، منعم ظفر، عبد الرزاق، محمد اسلام، عبد الواحد شیخ، یونس بارائی اور دیگر نے خطاب کیا۔ یوم ِ شانِ مصطفیٰصلی اللہ علیہ وسلم کے سلسلے میں سب سے بڑا مظاہرہ ڈیفنس میں مسجد طوبیٰ کے باہر ہوا جس سے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر اسد اللہ بھٹو، کراچی کے نائب امیر اسامہ رضی اور دیگر نے خطاب کیا۔ اس موقع پرمظاہرین نے اپنے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے جن پر ’’آزادیٔ اظہار کی آڑ میں توہین رسالت قبول نہیں، غلامی رسول صلی اللہ علیہ وسلم میں موت بھی قبول ہے، رہبر ورہنما مصطفیٰ ، مصطفیٰ ،امریکا کا جو یار ہے غدا ر ہے غدار ہے،56اسلامی ممالک کے حکمران گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف متحد کیوں نہیں ہو تے،گستاخ رسول کی سزا موت ہے، ناموس رسالت ؐ پر حملہ مغرب کی کھلی دہشت گردی ہے‘‘اور دیگر نعرے درج تھے۔ اسد اللہ بھٹو نے مسجد طوبیٰ کے باہر مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فرانس نے نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخانہ خاکے شائع کر کے دہرے معیار کا ثبوت دیا ہے، یہ ایک منظم سازش ہے تا کہ مسلمانوں کو مشتعل کیا جائے اور تصادم کی راہ ہموار کی جائے، لیکن عالم اسلام کے پُر امن مظاہروں نے ثابت کردیا ہے کہ دنیا کے دو ارب مسلمان سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں مگر اپنے بنی کی شان میں گستاخی کسی بھی طور برداشت نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ مغربی ممالک توہین آمیز خاکوں کو آزادی اظہار رائے سے تعبیر کر رہے ہیں اگر انہیں اظہار رائے کا اتنا ہی دعویٰ ہے تو وہ ہولوکاسٹ پر کیوں نہیں بولتے؟مغرب کا دہرا معیار درا صل اسلام دشمنی ہے،گستاخانہ خاکے شائع کر کے ہمارے ایمان کا امتحان لیا جارہا ہے مگر مغربی ممالک کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ وہ اس سازش میں ناکام و نامراد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کر کے امریکا، فرانس اور مغربی ممالک نے کھلی دہشت گردی کا مظاہرہ کیا ہے، عوام 25جنوری کو شان مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم ملین مارچ میں شرکت کر کے عشق ِ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کا ثبوت دیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.