23 جنوری 2015
وقت اشاعت: 19:50
کراچی ، 14پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث 3ملزمان گرفتار
جیو نیوز - کراچی.........کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں سی آئی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے 14پولیس اہل کاروں کے قتل میں ملوث لیاری گینگ وار کے 3ملزمان کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں سی آئی پولیس نے 2مختلف کارروائیوں میں 14پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث 3ملزمان کو گرفتار جبکہ غیر ممنوعہ الیکٹرانک آئیٹم بیچنے والے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی عثمان باجوہ نے جیو نیوز کو بتایا کہ سی آئی ڈی پولیس نے کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں کارروائی کر کے لیاری گینگ وار کے سہیل ڈاڈا گروپ کے 3کارندوں کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا۔ ملزم شیراز فیصل، محمد زبیر اور عبدالرحمان پر 14پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد کے قتل کے الزامات ہیں۔ ایک اور کارروائی میں سی آئی ڈی پولیس نے صدر میں کے علاقے سے عبدالغنی عرف اکرم کو گرفتار کر کے ممنوعہ الیکٹرانک ڈیوائیسز برآمد کرلیں، ملزم مختلف لوگوں کو یہ الیکٹرانک آلات فروخت کرتا جو اُس کے پاس صوابی کے رہائشی سکندر نامی شخص کے توسط سے آتے تھے، ان آلات میں موبائل فون ٹریکر، ایف ایم فریکیونسی ٹریکر، ہیکنگ اور ٹرانسمیٹر سمیت دہشت گردی میں استعمال ہونے والے متعدد آلات موجود ہیں۔