24 جنوری 2015
وقت اشاعت: 13:51
دھاندلی کے پیچھے افتخار چوہدری اور رمدے تھے، عمران خان
جیو نیوز - اسلام آباد.........پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ الیکشن میں دھاندلی ریٹرننگ افسران نے کی، اس کے پیچھے افتخار چوہدری اور جسٹس رمدے تھے۔ عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ افتخار چوہدری نے جمہوریت سے غداری کی، ان پر آرٹیکل 6کے تحت مقدمہ ہونا چاہیے،ان لوگوں نے ہر حلقے میں چالیس چالیس ہزار بوگس ووٹ ڈلوائے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری افتخار کے بارے میں اور بھی چیزیں لے کر آئیں گے، انہوں نے جو بیس ارب روپے ہرجانہ مانگا ہے وہ ان کے بیٹے سے نکلواؤں گا، جوڈیشل کمیشن میں صرف ٹریبونل والے کیس چلے جائیں تو الیکشن کا سال یہی ہوگا، خیبر پختونخوا کی اسمبلی میں کوئی کہے کہ دھاندلی ہوئی تو تحقیقات کے لیے تیار ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ تمام جماعتیں کہتی ہیں کہ سندھ اور پنجاب میں دھاندلی ہوئی، یہ متنازع اسمبلیاں ہیں، ہم نے ان کے اندر واپس نہیں جانا، اسمبلیوں میں صرف اس صورت میں واپس جائیں گے جب جوڈیشل کمیشن انتخابات کو درست قرار دے، الیکشن 2013ء میں تاریخ کی سب سے بڑی دھاندلی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور واقعے کے بعد حکومت کی مکمل سپورٹ کی، حکومت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، ہمارے پاس اسٹریٹ پاور ہے، سڑکوں پر نکلیں گے، جس دن ہم نے فیصلہ کر لیا، آپ حکومت نہیں چلا سکیں گے، اینکر پرسن دونوں فریقوں کے ڈرافٹ دیکھ کر خود فیصلہ کر لیں کہ کس کا ڈرافٹ اچھا ہے۔