تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
24 جنوری 2015
وقت اشاعت: 16:47

خیبر ایجنسی میں جمرود گرڈ اسٹیشن کا قیام سرخ فیتے کی نذر

جیو نیوز - خیبر ایجنسی.........خیبر ایجنسی میں طویل دورانیے کی بجلی کی لوڈ شیڈنگ پر قابوپانے کے لئے چار سال قبل جمرودگرڈ اسٹیشن کا افتتاح کیاگیا۔ حسب روایت گرڈ اسٹیشن کا قیام سرخ فیتے کی نذر ہوگیا۔ لاکھوں افراد اس دور جدید میں بھی یومیہ 23گھنٹے لوڈشیڈنگ کا سامنا کرتے ہیں۔ خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں بجلی لوڈ شیڈنگ پر قابوپانے کے لئے 2011ءمیں سابق گورنر مسعود کوثر نے جمرود گرڈ اسٹیشن کا افتتاح کیا تھا۔ گرڈ اسٹیشن کو 700ملین روپے کی لاگت سے 6ماہ میں مکمل کیاجانا تھا۔ تاہم چار سال گزرنے کے باوجود نہ گرڈ اسٹیشن قائم ہوا اورنہ ہی لوڈ شیڈنگ میں کمی لائی گئی۔ خیبر ایجنسی کے عوام کو بجلی ادویات کی طرح ملتی ہے۔ صبح اور شام اور وہ بھی چند لمحوں کے لئے ۔یومیہ 23گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ سے کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ طلباء کی پڑھائی متاثر اور اسپتالوں میں مریض پریشانی سے دوچار ہیں۔ خیبرایجنسی کے عوام کا کہنا ہے کہ طویل دورانیہ کی لوڈ شیڈنگ نے ان کی زندگی اجیرن بنارکھی ہے۔ انہوں نے لوڈ شیڈنگ میں کمی لانے کے لئےجمرود گرڈ سٹیشن کے قیام کو عملی جامہ پہنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.