24 جنوری 2015
وقت اشاعت: 18:56
آرمی پبلک اسکول کا شہید اسامہ سافٹ وئیرانجینئربننا چاہتا تھا
جیو نیوز - پشاور........پشاورمیں 16دسمبر کوآرمی پبلک اسکول پرحملے میں شہید ہونے والوں کے چہلم منائے جارہے ہیں اور گھرگھردعائیہ تقریبات کا عمل جاری ہے، ان ہی میں ایک دسویں جماعت کا طالب علم اسامہ بھی تھا۔ گھروالے کہتے ہیں اسامہ سافٹ وئیرانجینئربننا چاہتا تھا۔ شہید طالبعلم اسامہ کا گھر میں پڑا سکول کا بستہ، کتابیں، اس کے ہاتھوں لکھی ہوئی کاپیاں اور اسکول کے کپڑےگھروالوں کواس کی یاد دلاتے رہتے ہیں۔ اس کی والدہ کہتی ہیں کہ اسامہ اپنے چھوٹے بھائیوں کے تعلیمی ضرورتوں کا بھی خیال رکھتا تھا۔ اسامہ کے غمزدہ والدین آج بھی بیٹے کی معصوم خواہشوں کو یاد کرکے اس کی راہ تکتے ہیں مگر اب سافٹ ویئر انجینئربننے کا خواب دیکھنے والا ان کا بیٹا کبھی واپس نہیں آئے گا ۔آج بھی اس کے چہلم کی تقریب میں یہ سارے رشتے داراکٹھے تھے جنہوں نے اس کی یاد میں ختم قرآن کیا اور اس کی روح کی ایصال ثواب کے لئے دعا بھی کی۔ اسامہ کے والدین نے حکومت سے اسکولوں کی سیکیورٹی بہتربنانے کی اپیل کی ہے اوراس عزم کا اظہارکیا ہے کہ وہ یہ سب کچھ ہونے کے بعد اب بھی اپنے بچوں کو اسی سکول میں پڑھانے کے لئے بھیجیں گے۔