24 جنوری 2015
وقت اشاعت: 18:56
سانحہ پشاور میں استعمال سم بیچنے والے فرنچائز کا مالک گرفتار
جیو نیوز - لاہور..........حساس اداروں نے سانحہ پشاور میں استعمال ہونے والے موبائل سم فروخت کرنے والے فرنچائز مالک اور منیجر سمیت 8افراد کو گرفتار کر لیا۔ایس پی سی آئی اے لاہور عمر ورک نے بتایا کہ حساس اداروں کی مدد سے 8 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جن کا تعلق بہاولپور سے ہے۔ گرفتار کئے گئے افراد میں ایک موبائل کمپنی کی فرنچائز کا منیجر عتیق بھی شامل ہے۔ ایس پی عمر ورک کے مطابق عتیق نے بتایا کہ اس نے حاصل پور کی خاتون کو ایک سم جاری کرنے کے لئے تین مرتبہ انگوٹھے لگوائے۔ خاتون کو صرف ایک سم دی اور اس کے نام سے مزید 2 سمیں جاری کر کے اپنے پاس رکھ لیں۔ ایس پی عمر ورک کے مطابق عتیق کے پاس موجود دو سمز میں سے ایک سم سانحہ پشاور کے دوران استعمال ہوتی رہی۔ گرفتار افراد سے نامعلوم مقام پر تفتیش جاری ہے۔