تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
24 جنوری 2015
وقت اشاعت: 18:56

پمز میں فائرنگ سے زخمی نرس کی حالت خطرے سے باہر

جیو نیوز - اسلام آباد..........پمزمیں فائرنگ سےزخمی ہونے والی نرس کی حالت خطرے سےباہرہے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کےمطابق بظاہر یہ خودکشی کی کوشش ہے، اسپتال انتظامیہ کہتی ہے کسی نے گولی ماری۔ زخمی نرس تو ابھی بولنے کے قابل نہیں، بیان دے گی تو حقیقت سامنے آ نے کی توقع ہے۔ یہ نرسنگ ہاسٹل پمز کا ہے جہاں ڈھائی سو طالبات رہائش پزیر ہیں۔ اسپتال انتظا میہ کے مطابق جمعہ کو فائنل ائیر کی نرس طالبہ ہاسٹل سے اسپتال کی جانب اس زیر تعمیر عمارت کے پاس پہنچی تو ایک نامعلوم شخص اسے گولی مار کر فرارہوگیا۔ زخمی نرس دو ہفتے سے بازو میں فریکچر کے باعث چھٹی پر تھی۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ نرس کو گولی انتہائی قریب سے لگی، جو اس کے پیٹ کے اوپری حصے میں دل کی جھلی کے قریب پیوست ہو گئی۔آپریشن کر کے گولی نکال دی گئی ہے، اب نرس کی حالت خطرے سے باہر ہے اور وہ سرجیکل آئی سی یو میں زیر علاج ہے۔زخمی نرس بولنے کے قابل نہیں ہے،اسی لیے پولیس اب تک بیان ریکارڈ کر سکی، نہ ہی ایف آئی آر کاٹی گئی۔پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک ریوالور بھی برآمد کر لیا ہے۔پولیس کی ابتدائی تفتیش کےمطابق بظاہر یہ خودکشی کی کوشش ہے تاہم نرس کے والدین کا کہنا ہے ان کی بیٹی کو گولی ماری گئی ہے۔ نرسنگ ہاسٹل میں خوف کا ڈیرہ ہے ۔ اور بعض طالبات اپنے گھروں کو رخصت ہوگئی ہیں ، جو باقی ہیں انہیں میڈیا سے بات کرنے کی اجازت ہی نہیں ۔ سیکیورٹی گارڈ کا کہنا ہے کہ وہ نرسنگ ہاسٹل کی چاردیواری کے باہر کا ذمہ دار نہیں ۔اسپتا ل کے وسیع و عریض رقبے میں دو بڑے داخلی دروازے ہیں ۔یہاں سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب ہیں اور سیکیورٹی گارڈز بھی ہیں، لیکن کام کر رہے ہیں صرف ٹیکسیوں کے اندراج کا ۔پرائیویٹ گاڑیاں، موٹر سائیکل، یا پھر پیدل جانے والا کوئی بھی شخص اپنے ساتھ اسپتال میں کیا کچھ لے کر جارہا ہے، اس سے کوئی غرض نہیں۔انتظامیہ کا دعوی ٰ ہے کہ وزارت داخلہ اور وزارت کیڈ یہاں واک تھرو گیٹ اور اضافی سیکیورٹی تعینات کرنے سمیت کئی اقدامات کر رہی ہے لیکن سوال یہ ہے کہ اس عرصے میں سیکیورٹی کا کیا ہوگا؟؟

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.