25 جنوری 2015
وقت اشاعت: 7:7
برفباری اور بارش کے بعد ملک بھر میں سردی بڑھ گئی
جیو نیوز - لاہور........موسم سرما کی برفباری اور بارش کے بعد ملک بھر میں سردی بڑھ گئی۔ گرم ملبوسات کی فروخت میں بھی اضافہ ہوگیا۔کراچی سمیت سندھ میں بھی ٹھنڈی ہواؤں نے ڈیرہ جمایا ہوا ہے۔ملک کے بالائی علاقوں میں موسم سرماکی برفباری اور بارش کا سلسلہ تو تھم گیا مگر سردی برقرار ہے،جلانے کی لکڑی نایاب ہوگئی ہے جبکہ گرم مشروبات کے ہوٹلوں پر رش بڑھ گیا ہے۔ چترال کے لواری ٹاپ اور گردونواح میں برفباری کا سلسلہ مسلسل چھٹے روز بھی جاری ہے جہاں اب تک 8 فٹ برف پڑ چکی ہے۔ برفباری کی وجہ سے لواری ٹنل اپروچ روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ پاک آرمی کے جوان بھاری مشینری سے برف ہٹانے میں مصروف ہیں.خیبرپختونخوا، بلوچستان اور پنجاب کے شہروں کے میں موسم سرما کے بعدیخ بستہ ہواؤں نے موسم کوسرد کردیا، سندھ میں بھی سرد ہواؤں نے موسم کو ٹھنڈا کردیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق آیندہ 24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ، پشاور، ہزارہ، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسم ابر آلود رہے گا جبکہ چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ آج سب سے کم درجہ حرارت مالم جبہ منفی 07 ،اسکردو منفی 06،اسلام آباد 03 اور کراچی کا درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔