تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
25 جنوری 2015
وقت اشاعت: 14:16

پورے ملک میں ایک ساتھ بجلی کا بحران ایک سوال

جیو نیوز - کراچی......... ملک بھر میں رات بھر رہنے والے طویل بریک ڈاؤن کے بعد اگرچہ اب صورتحال میں بہتری ہے لیکن پورے ملک میں ایک ساتھ بجلی کا بحران پیدا ہوجانا اپنی جگہ ایک سوال ہے ، وجہ کیا تھی اور اب بار بار ایسا کیوں ہونے لگا ہے ، اس پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔ ایک بار پھر ملک کا اسی فیصد سے زیادہ علاقہ رات کی خاموشی میں اندھیرے میں ڈوب گیا ۔ ایسا کم کم ہوتا ہے لیکن اب ہونے لگا ہے ،ایک سے ڈیڑھ ماہ کے عرصے میں یہ دوسرا واقعہ ہے جب ایک ساتھ ملک کے چاروں صوبوں میں بجلی کا اتنا بڑا بحران پیدا ہوا ہو، ابھی پچھلے ہی ماہ دھند اور اوس پڑنے سے پاور سسٹم بیٹھ گیا تھا، جس سے پورا ملک گھنٹوں بجلی سے محروم رہا تھا اور اب گزشتہ رات نصیر آباد میں ٹرانسمیشن لائن کو دھماکے سے اڑادیا گیا، اس سے اوچ پاور اسٹیشن میں بریک ڈاؤن آیا اور یہ سلسلہ بڑھتا چلا گیا ، اوچ کے بعد مظفر گڑھ گرڈ اسٹیشن ، لاکھڑا ، جامشورو ، تربیلا اور منگلا ٹرپ کر گئے ، اس کی ایک وجہ ٹرانسمیشن لائنوں میں مقررہ حد سے زیادہ لوڈ آنا بھی بتایا گیا ہے ، اس بحران سے پنجاب میں لاہور ، ملتان ، بہاول پوری ، ڈیرہ غازی خان ، مظفر گڑھ ، رحیم یار خان اور دیگر کئی علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ، راول پنڈی اسلام آباد کی بجلی بھی بند ہوگئی ، سندھ میں کراچی اور حیدر آباد ریجن متاثر ہوئے اوراس بریک ڈاؤن کی زد میں پشاور اور کوئٹہ بھی آئے ۔ پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہےکہ تیسری مرتبہ ٹرانسمیشن لائن کو اڑایا گیا ہے ، جس سے پورے ملک میں بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی ، لیکن اب مستقبل میں ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے متبادل پلان تیار کریں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.