25 جنوری 2015
وقت اشاعت: 15:20
بدین میں سرسوں کی بہار، جا بجا پیلے پھولوں کے دل کش نظارے
جیو نیوز - بدین....... سردی کیا آئی ضلع بدین میں اپنے ساتھ سرسوں کی بہار بھی لے آئی ،مختلف دیہات میں جابجا سرسوں کے پیلے پھولوں کے دلکش نظارے آنکھوں میں ٹھنڈک اور روح میں تازگی کا احساس پیدا کر رہے ہیں۔ سرسوں کو سردی کی فصل بھی کہا جا تا ہے اور موسم سرما میں سرسوں کی یہ فصل ضلع بدین کی خوبصورت پہچان بن گئی ہے،مختلف دیہات میں پیلے پھولوں کے کھیت قدرت کی صناعی اور کاشتکاروں کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ جب سرد ہوا کے جھونکے ان پھولوں کو گدگداتے ہیں تو اُن کی سبز ٹہنیاں پھولوں کی خوبصوتی،تازگی اور نزاکت پہ لہرا لہرا کر رقص کرتی محسوس ہوتی ہیں۔ علاقہ میں پانی کی کمی کی وجہ سے سرسوں ربیع کی مرکزی کاشت بن گئی ہے۔ اس کی کاشت پہ آنے والے کم اخراجات اور معقول قیمتِ خرید کے سبب سرسوں کاشتکاروں کے لئے منافع بخش فصل ثابت ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں ہر سال اس کے زیر کاشت رقبے میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ اس فصل کی جڑ میں اگنے والے پتوں سے دیہی علاقوں کا مرغوب سالن سرسوں کا ساگ بنایا جاتا ہے جبکہ فصل کی تیاری کے بعد اسکے بیجوں سے خوردنی تیل حاصل کیا جاتا ہے۔ حسن و نزاکت اور رنگ و تازگی کے امتزاج نے سرسوں کے کھیتوں کو دلکش نظاروں میں تبدیل کر دیا ہے،اس کے ساتھ ساتھ سرد موسم کی یہ فصل کاشتکاروں کے لئے روزگار کا بھی بہترین ذریعہ ہے۔