26 جنوری 2015
وقت اشاعت: 14:15
ملتان :اغواکاروں نے 6سالہ یتیم پر ترس نہ کھایا، تاوان نہ ملنے پر بچہ قتل
جیو نیوز - ملتان........ملتان میں اغواکاروں نے 6سال کے یتیم بچے پر بھی ترس نہ کھایا،ایک کروڑ روپے تاوان نہ ملنے پر معصوم بچے کی جان لے لی۔ اغوا میں ملوث خاتون بچے کی ماں کی جاننے والی نکلی، خاتون سمیت 5افراد گرفتار کرلیے گئے۔تفصیلات کے مطابق ملتان میں ایک کروڑ روپے تاوان نہ دینے پر مغوی بچے کو قتل کرنے کے الزام میں 5افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ملتان کی شاہ رکن عالم کالونی میں ملزمان نے 6سالہ بچے عبداللہ نیاز کو 18جنوری کو اغوا کیا تھا اور ایک کروڑ تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔پولیس نے سراغ لگاتے ہوئے بچے کی والدہ کی ایک جاننے والی خاتون، اس کی بیٹی اور تین دیگر ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان نے تاوان کی رقم نہ ملنے پر 21جنوری کو بچے کو قتل کرکے لاش خانیوال میں تھانا کہنہ کی حدود میں پھینک دی تھی۔پولیس نے لاوارث لاش سمجھ کر عبداللہ نیاز کو امانتاً دفنا دیا تھا۔