28 جنوری 2015
وقت اشاعت: 18:51
الطاف حسین نے کل کی ہڑتال کی توثیق کردی، قمر منصور
جیو نیوز - کراچی.........متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے کنوینر قمر منصور نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے سہیل احمد کے ماورائے عدالت قتل پر ہونے والی کل کی ہڑتال کی توثیق کی ہے، ایم کیو ایم نے کل ملک بھر میں پُرامن یوم سوگ، سندھ بھر میں شٹرڈاؤن ہڑتال اور پہیہ جام کا اعلان کیا ہے۔قمر منصور نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا کہ پریس کانفرنس کا مقصدماورائے عدالت کارکن کے قتل سے متعلق آگاہ کرنا ہے،پیپلز پارٹی کی حکومت کراچی آپریشن کا رخ موڑنے کی کوشش کررہی ہے، پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما نے کھلی کچہری میں سہیل احمد کو دھمکیاں دی تھیں، سہیل احمد کی لاش موچکو گوٹھ سے ملی ہے، ایم کیو ایم کے معصوم کارکنوں کو بلاجواز نشانہ بنایا جارہا ہے، اب تک ایم کیو ایم کے 36 کارکنوں کو ماورائے عدالت قتل کیاگیا۔قمر منصور کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے مقامی رہنما نے کھلی کچہری میں سہیل احمد کو دھمکیاں دی تھیں،دھمکی کے بعد سہیل احمد کو گرفتار کیا گیا،سہیل احمد کو سادہ لباس اہلکاروں نے 15دسمبر کو گرفتار کیا تھا، حکومت اور ادارے اس صورتحال میں خاموش تماشائی بنے بیٹھے ہیں،چند پولیس افسران شہر میں سادہ لباس ٹیمیں چلارہے ہیں،فراز عالم کے موبائل فون سے پولیس اہلکار ان کے اہل خانہ سے رشوت طلب کرتے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس سے اپیل کی تھی کہ لاپتا افراد کے متعلق جوڈیشل کمیشن بنایا جائے،سادہ لباس لوگ ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنان کو اغوا کے بعد قتل کررہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سندھ کے تاجر اور ٹرانسپورٹرز اس ظلم کے خلاف کل اپنی سرگرمیاں بند رکھیں، ایم کیو ایم انصاف کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتی رہے گی، ہم سہیل احمد بھائی کے اہل خانہ سے شرمندہ ہیں اور ان سے معافی مانگتے ہیں۔قمر منصور نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنان پرانسانیت سوز تشدد کیا جاتا ہے، کارکنان پر تشدد کرکے ان سے بیانات لیے جاتے ہیں، اگر کسی نے کوئی جرم کیا ہے تو اسے عدالت میں پیش کیا جائے، ایم کیو ایم کو اس قسم کے ظلم وبربریت کےذریعے ختم نہیں کیا جاسکتا۔