11 نومبر 2015
وقت اشاعت: 17:47
گورننس سے متعلق آئی ایس پی آر کا بیان،قومی اسمبلی میں گرما گرم بحث
جیو نیوز - اسلام آباد........قومی اسمبلی میں آج آئی ایس پی آر کے بیان پر بحث ہوتی نظر آئی ، محمود خان اچکزئی نے کہاکہ دونوں شریف ایک پیج پر ہوں گے تبھی آئین کی بالادستی ہوگی ، آئی ایس پی آر کی پریس ریلیز آئین کی روح کے منافی ہے۔ خورشید شاہ کہتے ہیں کہ آرمی چیف کی ہدایت کے باوجود وزیراعظم نے وزرا کو گورننس بہتر کرنے کےلیے کچھ نہیں کہا۔
گورننس سے متعلق آئی ایس پی آر کے بیان پر آج قومی اسمبلی میں بھی گرما گرم بحث ہوئی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہاکہ آئین بالا دست ہوگا تو دونوں شریف ایک پیج پر ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ وہ کسی ایسی خارجہ پالیسی کو سپورٹ نہیں کریں گے جو پارلیمنٹ میں نہ بنے۔
دوسری طرف اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہاکہ آرمی چیف کی ہدایت کے باوجود وزیراعظم نے وزرا کو گورننس بہتر بنانے کے لیے کچھ نہیں کہا ، ڈھائی سال گزرنے کےبعد بھی حکومت نے پارلیمنٹ کو سنجیدہ نہیں لیا ، وزیراعظم نے ایوان میں آنا چھوڑ دیا تو وزرا کیوں آئیں گے۔
اجلاس میں اپوزیشن نے اسمبلی کا کورم پورا نہ ہونے پر بھی شدید برہمی کا اظہار کیا جبکہ محمود خان اچکزئی نے بھی کہاکہ آئندہ وہ کورم کی نشاندہی کرنے والے پہلے شخص ہوں گے۔ وزرا کی عدم حاضری پر گزشتہ روز چیرمین سینیٹ بھی اظہار برہمی کرچکے ہیں۔ آج قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ وزرا سینیٹ میں موجود ہیں۔