تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
11 نومبر 2015
وقت اشاعت: 19:32

ایکشن پلان کی افادیت روایتی سستی سے بری طرح متاثر

جیو نیوز - اسلام آباد........ کور کمانڈرز کانفرنس کے اعلامیے میں جن معاملات پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ہے وہ نئے تو نہیں تاہم قومی اہمیت کے حامل 20 نکاتی نیشنل ایکشن پلان کی افادیت حکومتی اداروں کی روایتی سستی سے بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔

دہشت گرد وں کو ملنے والی مالی معاونت روکی جائے گی، کالعدم تنظیموں کو کام نہیں کرنے دیا جائے گا، مدرسہ اصلاحات کی جائیں گی، فاٹا میں انتظامی اصلاحات کی جائیں گی۔یہ اہم نکات ہیں نیشنل ایکشن پلان کے مگر ابھی تک دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے یونٹ کے سر براہ کا تقرر ہی نہیں کیا جا سکا۔

کالعدم تنظیمیں بھی کام کر رہی ہیں، مدرسہ اصلاحات پر کام شروع ہی نہیں کیا جا سکا، دہشت گردوں کو حاصل سائبر سپیس کو کم یا مکمل طور پرختم نہیں کیا جا سکا، انسداد دہشت گردی کے ادارے نیکٹا کے بورڈ کا 2سال میں ایک اجلاس نہیں ہوا۔ فاٹا میں انتظامی اصلاحات کے لیے ابھی تک کوئی سنجیدہ کوشش نہیں کی گئی۔

دوسری جانب قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد نہ کر پانے والی سول حکومت کے بھی کچھ مسائل ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کہتی ہیں کہ دہشت گردوں سے بہت سے علاقے کلیئرکرائے جا چکے ہیں، اب ان علاقوں میں سول عملداری کو یقینی بنا یا جائے۔ مگر ذرائع کے مطابق مسئلہ یہ ہے کہ حکومت کے علم میں ہی نہیں کہ اب تک کون کون سا دہشت گرد مارا جا چکا ہے۔

مسئلہ یہ بھی ہے کہ جن علاقوں میں فوج نے کامیابیاں حاصل کی ہیں وہاں سول ادارے اب تک اپنی اتھارٹی قائم کرنے کی جدو جہد کررہے ہیں۔فوج کی دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں کامیابیوں کو آزاد میڈیا کے ذریعے عوام تک پہنچانے کا عمل بھی شروع نہیں ہو سکا جو قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے سول حکومت پر عوامی دباؤ بڑھانے میں مددگا ر ہو سکتا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.