23 مئی 2016
وقت اشاعت: 18:7
سیکورٹی گارڈ کے غیر تربیت یافتہ ہونے پر کئی سوالات کھڑے
جیو نیوز - کراچی .......کراچی میں فائرنگ کرکے بچے کی جان لینے والے سیکورٹی گارڈ کا کہنا ہے اسلحہ چلانےکی تربیت حاصل نہیں کی ،ہوائی فائرنگ کرناچاہ رہاتھا،گولی بیچ میں چل گئی۔
کراچی میں سیکیورٹی گارڈ کی فائرنگ سے بچے کے جاں بحق ہونے کے واقعے نے کئی سوالات کھڑے کر دئے ، کیا کم تربیت یافتہ سیکیورٹی گارڈز کے پاس لوڈڈ اسلحہ ہونا چاہیے ۔
ملک بالخصوص کراچی میں بے امنی اور ہر وقت ذہن پر سوار ڈر ، خوف سے پرائیوٹ سیکیورٹی کمپنیوں کے کاروبار نے دن دوگنی اور رات چوگنی ترقی کی ۔
کم تنخواہ ، لمبی ڈیو ٹی اور ہتھیلی پر جان ، کون خوشی سے ایسی نوکری کرے ، جس کے ہاتھ کوئی کام نہ آیا ، وہ سیکیورٹی گارڈ بن گیا ،یوں ہی تو آئے دن سننے میں نہیں آتا کہ گارڈ سے اتفاقیہ گولی چل گئی اور جب ڈاکو آئے تو گن چلی ہی نہیں ، ڈاکو وں نے گارڈ کو یرغمال بناکر بینک لوٹ لیا یا گارڈ خود ہی ڈاکو بن گیا۔
سوال یہ ہے کہ بار بار ایسا ہوتا کیوں ہے ؟؟جان کی حفاظت جیسا اہم کام غیر تربیت یافتہ لوگوں سے کیوں لیا جاتاہے ؟؟ اناڑیوں کو جان لیوا ہتھیار کیوں تھمائے جاتے ہیں ؟؟؟اور یہ ہتھیار صرف دکھانے کے ہیں تو لوڈڈ حالت میں کیوں رکھے جاتے ہیں ؟؟۔
جسمانی فٹنس ، ذہنی حالت اور حفاظتی تکنیک کی پرواہ کیے بغیر ہاتھ میں ہتھیار تھمادیے جائیں تو آیندہ بھی ایسے ہی واقعات کے لیے تیار رہنا چاہیے جو گزشتہ روز بہادر آباد میں پیش آیا۔