24 مئی 2016
وقت اشاعت: 5:34
ملک کو اندرونی انتہاپسندی اور دہشتگردی کا سامنا ہے، ڈی جی رینجرز پنجاب
جیو نیوز - مردان......ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی نے کہا ہے کہ ملک کو اندرونی طور پر انتہاپسندی اور دہشت گردی جیسی عفریتوں کا سامنا ہے، دہشت گرد اور انتہاپسند اقلیت میں ہونے کے باوجود سیاسی و سماجی نظام کو غیرمستحکم کرنے کے درپے ہیں۔
پنجاب رجمنٹ سنٹر مردان میں رینجرز ریکروٹس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی رینجرز پنجاب نے کہا کہ دہشت گردی کی بیخ کنی دیگر اداروں کے علاوہ پنجاب رینجرز کے لیے بھی بہت بڑا چیلنج ہے، امتحان کی اس گھڑی میں پیارے ملک اور قوم کی حفاظت کو اپنی جانوں سے افضل رکھنا ہے۔
ڈی جی رینجرز کا کہنا تھا کہ پاس آؤٹ ہونے والے اہلکار پاک چائنہ اقتصادی راہداری کی حفاظت کا اہم فریضہ بھی سرانجام دیں گے، رینجرز اہلکار مشرقی سرحدوں کی نگہبانی کے علاوہ ملک کے اندر امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر دوران تربیت اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کیے گئے،پنجاب رجمنٹ سنٹر مردان سے643 رینجرز ریکروٹس نے ٹریننگ حاصل کی۔