24 مئی 2016
وقت اشاعت: 10:10
عامر لیاقت طالبان کے نشانے پر،وزارت داخلہ کاسندھ حکومت کو خط
جیو نیوز - کراچی .........طالبان کی جانب سے جیو ٹی وی کے معروف اینکر پرسن اور اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کو نشانہ بنائے جانے کے خدشہ کے پیش نظر وفاقی وزارت داخلہ نے سندھ حکومت کو آگاہ کردیا ۔
خط میں وفاقی وزارت داخلہ نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی سیکیورٹی انتہائی سخت کرنے کے لیے بھی کہا ہے ۔نیشنل کرائسز مینجمنٹ سیل کی جانب سے صوبائی سیکریٹری داخلہ ، آئی جی سندھ اور ڈی جی رینجرز سندھ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے مولویوں سے متعلق بعض بیانات پر طالبان نے انہیں نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کی ہے ۔
خط میں سندھ حکومت سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی سیکیورٹی کو انتہائی سخت کردیا جائے خط کی کاپی ایوان صدر، وزیراعظم ہاوس اور حساس اداروں کو بھی بھیجی گئی ہے ۔