24 مئی 2016
وقت اشاعت: 11:48
یوم پاکستان کےحوالےسے فل ڈریس ریہرسل
جیو نیوز - اسلام آباد.....مسلح افواج 23 مارچ کو یوم پاکستان پراپنی ناقابل شکست دفاعی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گی، یوم پاکستان کے موقع پر مسلح افواج کی پریڈ کے سلسلے میں آج فل ڈریس ریہرسل شکرپڑیاں پریڈ گرائونڈ میں ہوئی۔
فضائوں کا سینہ چیرتے شاہینوں، سمندروں کے رکھوالوں اور پاک سرزمین کے پاسبانوں نے اپنی عسکری طاقت کا شاندار مظاہرہ کیا، فل ڈریس ریہرسل کا معائنہ پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے کیا، پریڈ میں بری، بحری اور فضائی افواج سمیت رینجرز، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں سمیت پاک فوج کی خواتین افسران کے دستے نے مارچ پاسٹ کیا۔
فل ڈریس ریہرسل میں اسٹیلتھ ٹیکنالوجی سے لیس میزائل سسٹم، اسلحہ بردار ڈرون "برق" اور گائیڈڈ میزائل "براق" ٹینک، توپخانہ، تینوں افواج کی ایئر ڈیفنس کے ہیلے کاپٹرز نے حصہ لیا، پاک فضائیہ کے شاہینوں نے فضا میں پرپھیلائے، لڑاکا طیارے ایف 16 کی گونج اور جے ایف 17 تھنڈرکی گھن گرج نے ماحول گرما دیا۔
پریڈ میں چین کی جانب سے تحفے میں دیے گئے اٹیک ہیلے کاپٹر ذی ٹین نے فارمیشن کو لیڈ کرتے ہوئے پہلی بار پاکستان کی فضاوں میں پرواز کی جبکہ شیردل فارمیشن کے ساتھ ترکی کے ٹی 37 جہازوں نے بھی حصہ لیا۔
مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ 23 مارچ کو ہوگی جس میں صدر ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان موجود ہوں گے۔