20 جولائی 2012
وقت اشاعت: 21:13
رمضان المبارک میں سحر و افطار پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان
جیو نیوز - اسلام آباد…وزارت پانی و بجلی نے رمضان المبارک میں سحر و افطار پر لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کا اعلان کر دیا، بڑے شہروں میں سحری کے وقت 2 گھنٹے ، افطار پر 3 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں سحر و افطار پر ایک گھنٹہ بجلی بند نہیں ہو گی۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پانی و بجلی کا اجلاس غلام مصطفی شاہ کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔ سیکریٹری پانی و بجلی ظفر محمود نے بتایا کہ لاہور،اسلام آباد، راول پنڈی میں یومیہ 4 گھنٹے جب کہ فیصل آباد،گوجرانوالا،ملتان، اور حیدرآباد میں 6 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی ہے۔ رکن کمیٹی بلال یاسین نے ان اعدوشمار سے اختلاف کیا اور کہا کہ لوڈ شیڈنگ اس سے بہت زیادہ ہے۔ سیکریٹری پانی و بجلی کا کہنا تھا کہ صارفین بہت جلد انٹرنیٹ پر اپنے اپنے علاقے کی لوڈ شیڈنگ کا شیڈیول دیکھ سکیں گے ، اس سلسلے میں صرف بجلی بل کا ریفرنس نمبر استعمال کرنا پڑے گا۔ سیکریٹری پانی و بجلی نے کہا کہ جس لگن کے ساتھ حکومت اب توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے کام کر رہی ہے اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو 2 سال میں لوڈ شیڈنگ مکمل ختم ہو سکتی ہے۔ رکن کمیٹی رانا افضال حسین نے بتایا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیز میں کرپشن پھیل چکی ہے، اور وہاں ذات برادری کی بنیاد پر کام ہورہے ہیں۔ سیکریٹری پانی و بجلی نے یقین دلایا کہ ان معاملات کا نوٹس لیا جائے گا ۔