23 جولائی 2012
وقت اشاعت: 12:12
بی ایل اے ملک بھر میں دہشت گردی میں ملوث ہے،رحمن ملک
جیو نیوز - کراچی… مشیر داخلہ رحمان ملک نے کوسٹ گارڈ کے دفتر کا دورہ کیا،جہاں انھوں نے کہا کہ بلوچ لیبریشن آرمی کراچی اور ملک کے دیگر علاقوں میں دہشت گردی میں ملوث ہے،جس کے واضح ثبوت مل چکے ہیں،انھوں نے سپریم کورٹ سے استدعا کی کہ انھیں بلایا جائے وہ سارے ثبوت منظر عام پر لے آئیں گے۔ رحمان ملک نے کہا کہ ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں کہ افغانستان سے لوگ آتے ہیں اور دہشت گردی کرتے ہیں اوراس وقت دشمن ہم پر ہر طرف سے وار کررہا ہے، خاص طور پر بلوچستان میں، انھوں نے کہا کہ بلوچ لیبریشن آرمی کے کراچی اور ملک بھر میں دہشت گردی میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت ملے ہیں،جبکہ بی ایل اے پاکستان کے خلاف کام نہ کرنے والے اپنے ہی آدمیوں کو بھی ماردیتی ہے کیونکہ بی ایل اے والے پاکستان کے خلاف ہر کام کررہے ہیں، انھوں نے کہا بلوچستان میں جو کچھ ہورہا ہے وہ امپورٹڈ ہے،اور بی ایل اے پچھلے دس سال سے زیادہ متحرک ہوئی ہے جبکہ بی ایل اے میں اپائمنٹ کے بھی ڈالر دیئے جاتے ہیں ، اور کام کرنے کا بھی الگ معاوضہ مقرر ہے۔ رحمان ملک نے کہا کہ اطلاعات ہیں کہ دشمن زیادہ حملے قانون نافذ کر نے والے اداروں پر کریں گے، اور کراچی میں گذشتہ 6 ماہ کے دوران 95 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا گیا ہے،جن میں سے 35 ٹارگٹ کلرز کا تعلق لیاری کے علاقے سے ہے،جبکہ لیاری میں بلوچ لبریشن ارمی کے لوگوں نے علاقہ مکینوں کو محصور بنارکھا ہے، انھوں نے کہا کہ پرچی مافیاء کے خلاف فوری کاروائی کرنے کے لئے کراچی پولیس کو دوہیلی کاپٹر دے رہے ہیں۔رحمان ملک نے بی ایل اے والوں سے سوال کیا کہ وہ اللہ اور رسول کو نہیں مانتے کہ مسلمانوں کو نشانہ بنارہے ہیں،انھوں نے کہا کہ میرا اسمبلی والوں سے بھی سوال کہ ملک کے غداروں کے لئے تو آواز اٹھاتے ہیں جوانوں کے لئے آواز نہیں اٹھاتے ،رحمان ملک نے کہا گزشتہ تین مہینوں میں ایف سی کے 69 اور کوسٹ گارڈ کے سات جوانوں کو شہید کیا گیا ہے،رحمان ملک نے اعلان کیا کہ کوسٹ گارڈ چوکی پر حملے میں شہید ہونے والے سات افسروں جوانوں کے لواحقین کو اضافی پانچ لاکھ روپے دیئے جائیں گے ،جبکہ شہید جوانوں کے بیٹے کو کوسٹ گارڈ اور بیٹیوں کو نادرہ میں نوکری دی جائے گی۔