25 جولائی 2012
وقت اشاعت: 16:46
محکمہ آثارقدیمہ نے نوادرات لینے کیلئے عدالت سے رجوع کرلیا
جیو نیوز - کراچی …کراچی کی مقامی عدالت میں پکڑی جانے والی نایاب مورتیاں تحویل میں لینے کیلئے محکمہ آثارقدیمہ نے اتھارٹی لیٹر جمع کروادیا۔ مقدمے کی سماعت آٹھ اگست کوہوگی۔جوڈیشیل مجسٹریٹ ایسٹ کی عدالت میں محکمہ آثارقدیمہ کی جانب سے جمر کروائے گئے اتھارٹی لیٹرمیں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ نایاب مورتیاں چوری بھی ہوسکتی ہیں لہٰذا انہیں محکمہ آثار قدیمہ کی تحویل میں دے دیاجائے۔ عوامی کالونی کی حدودسیپولیس نے ایک ٹرالرکی تلاشی کے دوران نایاب مورتیاں برآمد کرلیں جنہیں اندروان ملک اسمگل کیا جاناتھا۔نایاب مورتیوں کی اسمگلنگ کے مقدمے میں دوملزمان گرفتار جبکہ دوعبوری ضمانت پر ہیں۔محکمہ آثار قدیمہ کے مطابق ان مورتیوں میں پاکستان میں موجود بدھہ کا قدیم اور قد آور مجسمہ بھی شامل ہے،ماہرین نے تین روز کی محنت کے بعد 395 چھوٹی بڑی مورتیوں کی فہرست عدالت میں مجسٹریٹ کے سامنے پیش کی۔ڈائریکٹر آثار قدیمہ قاسم علی کے مطابق مورتیوں کومحکمے کی تحویل میں لینے کے لئے درخواست دائر کر دی گئی ہے ،عدالت سے اجازت ملنے کے بعد انھیں کراچی عجائب گھر منتقل کیا جائے گا۔ محکمہ آثار قدیمہ مورتیاں تحویل میں لینے کے بعد ٹوٹ پھوٹ کا شکار مورتیوں کی مرمت کا کام شروع کرے گا۔