25 جولائی 2012
وقت اشاعت: 17:35
لوگوں کو پکڑ کر غائب کرنے پر خاموش نہیں رہیں گے، پشاور ہائیکورٹ
جیو نیوز - پشاور … پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس دوست محمد خان نے کہا ہے کہ پولیٹکل انتظامیہ کے ماتحت مختلف فورسز ہونے کے باوجود قبائلی علاقوں میں حکومتی عملداری قائم نہ ہونے کا کوئی جواز نہیں، زبردستی لوگوں کو پکڑ کر غائب کرنے پر عدالت خاموش نہیں رہے گی۔ لاپتہ افراد سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران جسٹس دوست محمد خان نے کہا کہ جن لوگوں کیخلاف ثبوت ہیں انہیں سامنے لایا جائے، زبردستی لوگوں کو پکڑ کر غائب کرنے پر عدالت خاموش نہیں رہے گی۔ چیف جسٹس نے خیبر ایجنسی سے لاپتہ ہونے والے رحیم اللہ کی بازیابی کیلئے پولیٹکل انتظامیہ کو 16 اگست کی ڈیڈ لائن دیدی۔ بڈھ بیر سے اغوا کئے گئے پیسکو اہلکاروں سے متعلق پولیٹکل انتظامیہ کے وکیل نے بتایا کہ مغویوں کے بدلے اغواکار اپنے کچھ گرفتار ساتھیوں کی رہائی کا مطالبہ کر رہے ہیں، مغوی تیراہ میں ہیں جہاں حکومتی عملداری نہیں۔ جس پر عدالت نے پولیٹکل انتظامیہ سے وضاحت طلب کرلی۔