26 جولائی 2012
وقت اشاعت: 0:40
گورنر و وزیراعلیٰ سندھ کی امن و امان یقینی بنانے کیلئے اقدامات کی ہدایت
جیو نیوز - کراچی … گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سید قائم علی شاہ نے جرائم کے خاتمے اور امن و امان بہتر رکھنے کیلئے صوبے بھر میں انٹیلی جنس نیٹ ورک مضبوط اور فعال رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر امن و امان یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کئے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے منگل کی شام گورنر ہاوٴس میں گورنر سندھ سے ملاقات کی اور موجودہ صورتحال، امن و امان اور اہمیت کے حامل مختلف امور پر بات چیت کی۔ اس موقع پر آئی جی پولیس فیاض لغاری بھی موجود تھے۔ گورنر اور وزیر اعلیٰ سندھ نے اتفاق کیا کہ سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی سرگرمیوں کی روانی کیلئے انویسٹمنٹ فرینڈلی پالیسیز، ضروری انفراسٹرکچر کی فراہمی اور بہتر امن و امان کیلئے مربوط اقدامات یقینی بنائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام سیاسی جماعتیں دہشت گردوں اور مجرموں کے خلاف کارروائی پر متفق ہیں جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی ہدایت ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنی ذمہ داریاں بلا تفریق و دباوٴ پروفیشنل انداز میں ادا کریں۔