26 جولائی 2012
وقت اشاعت: 0:57
فصیح بخاری کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس
جیو نیوز - اسلام آباد…نیب نے بلوچستان کے سابق صوبائی وزیر سردار فتح علی عمرانی کے خلاف30ہزار ایکڑ سرکاری اراضی پر قبضے کی شکایت کی تصدیق کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایڈمرل ریٹائرڈ فصیح بخاری کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں سردار فتح علی عمرانی کی جانب سے نصیر آباد کی تحصیل تمبو میں 30 ہزار ایکڑ اراضی پر قبضے کی شکایت کا جائزہ لیا اور اس کی تصدیق کرانے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نجی ٹی وی چینلز کے خلاف بھی ٹیکس چوری کی شکایت کی تصدیق کرائی جائے گی۔ شکایات کے مطابق نجی ٹی وی چینلز اشتہارتی ایجنسیز سے 15 فیصد سیلز ٹیکس کاٹ لیتے ہیں لیکن یہ رقم جمع نہ کراکے قومی خزانے کواربوں روپے کا نقصان پہنچایا جاتا ہے۔ نیب ایگزیکٹو بورڈ نے یونیکو پاکستان پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف تحقیقات ایف آئی اے سے نیب میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اس کمپنی نے مبینہ طور پر مختلف اسکیمز کی آڑ میں دھوکا دے کر عوام سے 32ملین روپے وصول کیے۔