26 جولائی 2012
وقت اشاعت: 3:23
کراچی کینٹ اسٹیشن پر لگے سکیورٹی کیمرے 1سال بعد بھی ٹھیک نہ ہوسکے
جیو نیوز - کراچی…کراچی میں دہشتگردی کی نئی لہر کے باوجود کینٹ اسٹیشن پر لگے سیکیورٹی کیمرے ایک سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود خراب پڑے ہیں، اس سلسلے میں سابقہ کراچی پولیس چیف اختر گورچانی بھی نشاندہی کر چکے ہیں تاہم اس کے باوجود یہ صحیح نہیں کیے جاسکے۔کراچی کے انتہائی حساس علاقے میں واقع کینٹ اسٹیشن پر سیکیورٹی کی کیا صورتحال ہے ، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ سال 13مئی سے کینٹ اسٹیشن پر لگے 26 سیکیورٹی کیمروں سے نگرانی کا کام نہیں لیا جارہا۔ اور اسکی وجہ ہے کیمروں کی فنی خرابی۔کینٹ اسٹیشن پر دہشت گردی اور شرپسندوں پر نظر رکھنے کے لیے 25 اسٹل اور ایک جدید ڈوم کیمرا لگایا گیا تھا اور ریلوے پولیس کی نگرانی میں ایک خصوصی کنٹرول روم بھی قائم کیا گیا تھا تاہم یہ کنٹرول روم سے مانیٹرنگ کرنے والوں کو منہ چڑا رہا ہے۔ کینٹ اسٹیشن پر لگے سیکیورٹی کیمروں کی خرابی کی نشاندہی سابقہ کراچی پولیس چیف اختر گورچانی بھی کر چکے ہیں تاہم اس کے باوجود اس کی مرمت کے لیے ٹھوس اقدامات تاحال نہیں کیے جاسکے ہیں، ریلوے پولیس کے مطابق کیمروں کی خرابی دور کرنے اور اسے کام میں لانے کیلئے متعدد بار اعلیٰ حکام کو خط لکھا جاچکا ہے تاہم کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دنیا میں ٹیکنالوجی کا جدید استعمال کر کے آگے بڑھا جارہا ہے تاہم پاکستان میں دستیاب وسائل کو بھی نظر انداز کردیا جاتا ہے جس کا نقصان عام آدمی کو اٹھانا پڑتا ہے۔