26 جولائی 2012
وقت اشاعت: 14:40
ارسلان افتخار نیب میں پیش،تحقیقاتی ٹیم پر اعتراض اٹھا دیئے
جیو نیوز - اسلام آباد… ملک ریاض حسین کی طرف سے عائد الزامات کی تحقیقات میں ڈاکٹرارسلان افتخار ، آج نیب کے سامنے پیش ہوگئے ، انہوں نے تحقیقاتی عمل پر اعتراضات کرتے ہوئے اس پر قانونی اور آئینی سوالات اٹھائے ہیں۔ ارسلان افتخار کو نیب کی مشترکا تحقیقاتی ٹیم نے بیان قلم بند کرانے کیلئے طلب کررکھا تھا ، وہ اسلام آباد میں نیب ہیڈکوارٹر آئے تو جیونیوز سے گفت گو میں انکا کہنا تھا کہ انہیں نیب کا صرف ایک نوٹس ملا، دوسرا نوٹس بھجوانے کی بات غلط ہے، انہوں نے کہاکہ وہ نیب کو مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی کی حیثیت سے متعلق دو خط بھی بھیج چکے ہیں لیکن جواب ایک کا بھی نہیں آیا، بعد میں ارسلان افتخار، تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے، ذرائع کے مطابق انہوں نے نیب نوٹس پر اپنا تحریری موقف پیش کیا، اس میں کہاگیاتھا کہ مشترکہ ٹیم کا قیام قانونی مینڈیٹ سے تجاوز ہے، ٹیم کے ارکان، ملک ریاض کے حوالے سے جانبدار ہیں،فیئر ٹرائل کا حق نہ ملنا، آئین کے آرٹیکل 10 اے کی خلاف ورزی ہے۔