26 جولائی 2012
وقت اشاعت: 15:13
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان کا کل سے ہڑتال کااعلان
جیو نیوز - کوئٹہ… پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان نے ڈاکٹر دین محمد کی عدم بازیابی کے خلا ف کل سے تمام سرکاری و نجی سرکاری ہسپتالوں میں مکمل ہڑتال کا اعلان کردیا۔کوئٹہ میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان کے صدر ڈاکٹر سلطان ترین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر دین محمد کے اغوا کو پانچ روز گزر گئے ہیں تاہم حکومت اور انتظامیہ ان کی بازیابی کے حوالے سے خاطر خواہ اقدامات نہیں کررہی ہے اس صورت حال میں حکومتی خاموشی قابل مذمت ہے انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں امن ومان کی صورت حال خراب ہے حتی کہ وزیر اعلی بلوچستان کا آبائی علاقہ تک بد امنی کا شکار ہے، انہوں نے بتایا کہ صوبے میں تاجر ،ڈاکٹر،وکلا،ججز،انجینئرز سمیت کوئی بھی طبقہ اغوا کاروں سے محفوظ نہیں ہے ، انہوں نے بتایا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان ڈاکٹر دین محمد کی اغوا اور عدم بازیابی کے خلاف کل سے تمام سرکاری و نجی ہسپتالوں میں مکمل ہڑتال کریگی۔