18 فروری 2011
وقت اشاعت: 14:18
روزے کی فرضیت
روزہ اسلام کے بنیادی فرائض میں سے ایک ہے۔
حضرت عبداللہ بن عمرؓ کہتے ہیں رسول اللہﷺ نے فرمایا”اسلام کی بنیاد پانچ چیزوں پر ہے:
1 کلمہ شہادت
2 نماز قائم کرنا
3 زکوة ادا کرنا
4 حج
5 رمضان کے روزے رکھنا۔
اسے بخاری نے روایت کیا ہے:
اللؤ لؤ والمرجان، الجزءالاول، رقم الحدیث 9
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہماکہتے ہیں کہ ایک اعرابی نبی اکرمﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور عرض کیا”مجھے ایسا عمل بتائیے جس کے کرنے سے میں جنت میں داخل ہو جاؤں۔“ آپﷺ نے فرمایا”اللہ تعالیٰ کی عبادت کر، اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ کر، فرض نماز قائم کر،فرض زکوة ادا کر اور رمضان المبارک کے روزے رکھ۔“ اس نے کہا”اللہ کی قسم!میں اس سے زیادہ کچھ نہ کروں گا۔“ جب وہ آدمی واپس ہوا تو آپﷺ نے فرمایا” جسے جنتی آدمی دیکھنا ہو، وہ اسے دیکھ لے۔“
اسے بخاری نے روایت کیا ہے۔
مختصر صحیح بخاری للزبیدی، رقم الحدیث 704