معروف امریکی کمپیوٹر ساز ادارے ایپل کی طرف سے اپنا نیا آئی پیڈ اگلے ماہ یعنی مارچ میں متعارف کرایا جا رہا ہے۔ یہ بات امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل کے ’آل تِھنگز ڈی‘ نامی بلاگ میں بتائی گئی ہے۔
بلاگ میں کہا گیا ہے کہ ایپل کی طرف سے اپنے نئے آئی پیڈ کا تعارف مارچ کے پہلے ہفتے میں ایک تقریب میں کیا جائے گا، جو سان فرانسسکو میں خاص طور پر اس مقصد کے لیے منعقد کی جائے گی۔ تاہم اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی کہ نئے آئی پیڈ کی فروخت کب سے شروع ہو پائے گی۔
اب تک سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق آئی پیڈ تھری بظاہر موجودہ آئی پیڈ کی ہی وضع قطع کا ہو گا۔ تاہم آئی پیڈ ٹو اور نئے آنے والے ٹیبلٹ کمپیوٹر میں بڑا فرق موجودہ پروسیسر کے مقابلے میں کہیں زیادہ طاقتور پروسیسر ہوگا جو گرافکس کو زیادہ بہتر طور پر پروسیس کرنے کی صلاحیت کا حامل بھی ہوگا۔ اس کے علاوہ نئے آئی پیڈ میں 2048X1536 کا ریٹینا ڈسپلے بھی موجود ہوگا۔ یہ ڈسپلے اس وقت ایپل کے آئی فون فور میں موجود ہے۔
اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹ کمپیوٹرز کے میدان میں سرفہرست کمپنی ایپل کی طرف سے توقع کی جارہی ہے کہ نئے آئی پیڈ کے ذریعے اسے مقابلہ بازی کی فضا میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔ معروف سرچ انجن اور کمپیوٹر کمپنی گُوگل کے آپریٹنگ سسٹم اینڈرائڈ کے حامل ٹیبلٹ کمپیوٹرز اور اسمارٹ فونز اس وقت ایپل کمپنی کے سب سے بڑے حریف سمجھے جاتے ہیں۔ یہ اسمارٹ فونز اور ٹیبلٹ کمپیوٹرز مختلف معروف ادارے تیار کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ مائیکروسافٹ کی طرف سے متوقع طور پر جلد ہی متعارف کرائے جانے والے آپریٹنگ سسٹم ونڈوز ایٹ کے حامل ٹیبلٹ کمپیوٹرز بھی بہت جلد مارکیٹ میں آنے کی توقع ہے۔ مائیکروسافٹ کو امید ہے کہ یہ ٹیبلٹ کمپیوٹرز بہت جلد صارفین میں مقبول ہو جائیں گے۔
ایپل کی طرف سے حالیہ سہ ماہی کے دوران 15.4 ملین آئی پیڈز فروخت کیے گئے۔ اس کے مقابلے میں اسی عرصے کے دوران اینڈرائڈ سسٹم کے حامل ٹیبلٹ کمپیوٹرز کی فروخت 10.5 ملین یونٹس رہی۔ مارکیٹ ریسرچ کمپنی اسٹریٹیجی اینالیٹکس کے مطابق اینڈرائڈ کے حامل ان ٹیبلٹ کمپیوٹرز میں مجموعی طور پر سام سنگ، امیزون اور آسوس جیسی معروف کمپنیوں کے ٹیبلٹ کمپیوٹرز شامل ہیں۔
آئی پیڈ تھری رواں برس مارچ میں متوقع
Posted on Feb 17, 2012
سماجی رابطہ