ایپل نے دنیا بھر میں دوسری کمپنیوں کے بنائے ہوئے اور نقلی یو ایس بی چارجرز تبدیل کرنے کا پروگرام شروع کیا ہے۔
یہ کارروائی ایک چینی خاتون کی ہلاکت کے بعد کی گئی جو ایک نقلی ایپل کے چارجر سے کرنٹ لگنے کی وجہ سے ہلاک ہو گئی تھیں۔
ایپل کا کہنا ہے کہ وہ کسی بھی دوسری کمپنی یعنی ایپل کے غیر منظور شدہ اور غیر تصدیق شدہ چارجرز کو دس ڈالرز یا اس کے برابر مقامی کرنسی کے عوض تبدیل کرے گا۔
اس پروگرام کا آغام 16اگست کو ہو گا اور یہ 18 اکتوبر 2013 تک جاری رہے گا۔
جولائی کے وسط میں ایپل نے بتایا کہ وہ اس بات کی تحقیقات کر رہا ہے کہ ایک چینی خاتون ما ایلن اس وقت ہلاک ہو گئیں جب انہوں نے چارجنگ پر لگے آئی فون فائیو پر آنے والی ایک کال کا جواب دیا۔ اس معاملے میں کسی اور کمپنی کے بنائے ہوئے چارجر کو موردِ الزام ٹھہرایا گیا تھا۔
ایپل کی جانب سے شائع کیے گئے بلاگ میں اس خاتون کا ہلاکت کا کوئی ذکر نہیں تھا بلکہ ایپل نے صرف یہ کہا کہ یہ اقدام صرف حفاظتی نقطۂ نگاہ سے کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ ایپل نے اپنی چینی ویب سائٹ کو بھی اپ ڈیٹ کیا ہے جس پر نقلی چارجرز کی شناخت کے بارے میں معلومات دی گئی ہیں۔
ایپل کا کہنا ہے کہ جو لوگ ایپل کا منظور شدہ چارجر لینا چاہتے ہیں وہ جعلی یا دوسری کمپنیوں کے بنائے گئے چارجر واپس کر کے اپنے آئی فون، آئی پاڈ یا آئی پیڈ کا سیریل نمبر دیں جس کے ساتھ یہ چارجر استعمال کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ دس ڈالر کے مساوی رقم ایک رعایتی قیمت ہے کیونکہ عام طور پر ایپل کا منظور شدہ چارجر کی قیمت 20 ڈالر کے قریب ہے۔
یہ تبادلہ ایپل کے سٹورز یا منظور شدہ سہولت فراہم کرنے والے اداروں کے پاس جا کر کیا جا سکتا ہے۔
ایپل نے یہ بھی کہا ہے کہ یہ تمام خارجی کمپنیوں کے بنائے ہوئے جعلی چارجرز کو ماحول دوست انداز میں تلف کیا جائے گا۔
ایپل کے نقلی چارجر کے بدلے اصل چارجر
Posted on Aug 07, 2013
سماجی رابطہ