امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی فون اور آئی پیڈ کے آپریٹنگ سسٹم کے نئے ورژن میں ’یوزر انٹرفیس‘ کو تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
کمپنی کے چیف ڈیزائنر جونی آئیو کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا مقصد نظام کو بہتر بنانا اور صارفین کے مواد کو زیادہ اہمیت دینا ہے۔
بی بی سی کے نامہ نگار کے مطابق نئے یوزر انٹر فیس کی خصوصیات بتاتے ہوئے جونی آئیو کا کہنا تھا کہ اس میں صارفین کی سہولت کے لیے ’پیرالکس افیکٹ‘ کا استعمال کیا گیا ہے جس کے تحت آئی فون یا آئی پیڈ استعمال کرنے والا شخص اگر اپنی ڈیوائس کا رخ موڑے گا تو تمام آئیکون اسی مناسبت سے افقی یا عمودی رخ پر آ جائیں گے۔
ایپل کے ماہرین کے مطابق آئی او ایس 7 میں فون یا ٹیبلٹ پر موجود ایپلیکشن خودبخود اپ ڈیٹ ہو سکیں گی جبکہ ’سوائپ اپ‘ کنٹرول فیچر کی مدد سے صارف کے زیادہ استعمال میں آنے والے فنکشنز ایک جگہ پر اکٹھے کر دیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ فون کو چوری ہونے سے زیادہ محفوظ بنانے کے لیے ’فائنڈ مائی آئی فون‘ نامی فیچر میں بھی تبدیلی لائی گئی ہے اور اب اسے غیر فعال کرنے کے لیے صارف کو ایک متعلقہ آئی ڈی اور پاس ورڈ بھی درج کرنا پڑے گا۔
ایپل کے مطابق نئے انٹرفیس کو جاذب نظر بنانے کے لیے فونٹ میں بھی تبدیلیاں کی جائیں گی۔
تاہم ٹیکنالوجی کی دنیا کے ماہرین کا کہنا ہے کہ جہاں یہ نیا انٹرفیس کچھ لوگوں کے لیے ان کے فون کو نئی شکل دے گا وہیں ایسے صارفین بھی ہوں گے جو اس سے الجھن کا شکار ہو جائیں گے۔
ٹیکنالوجی کے تجزیہ کار جان ڈاسن کا کہنا ہے کہ ’نیا ورژن پہچانا نہیں جا سکتا جو اسے الگ تھلگ بناتا ہے۔ صارف کے لیے فون کی سیٹنگز تبدیل کرنے والا آئیکون ڈھونڈنا ہی بڑا کام ہے کیونکہ اس کی شکل بالکل تبدیل کر دی گئی ہے۔ جو صارف اپنے آلات کی وجہ سے باآسانی الجھن میں پڑ جاتے ہیں ان کے لیے یہ نیا پن مزید الجھنیں پیدا کرے گا۔‘
تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’دوسری جانب یہ ایپل کی طرف سے واضح پیغام ہے کہ وہ اپنے یوزر انٹرفیس کو تازہ کرنے کی ضرورت کو سمجھتا ہے اور اس کے لیے ڈرامائی اقدامات کرنے کو تیار ہے۔‘
آپریٹنگ سسٹم میں اس تبدیلی کے ساتھ ساتھ اپیل نے موسیقی کی سٹریمنگ کی سروس آئی ٹیون ریڈیو شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے جس میں سننے والے کو اپنی پسند کے سٹیشن تک رسائی ہوگی۔
ایپل کی اس سروس کو آئی او ایس 7 کی میوزک ایپلیکشن کے ذریعے استعمال کیا جا سکے گا اور اس کی خاص بات یہ ہے کہ ایپل اشتہارات سننے کے لیے آمادہ افراد کو یہ سروس مفت مہیا کرے گا۔
ایپل کے آپریٹنگ سسٹم کا نیا ڈیزائن
Posted on Jun 11, 2013
سماجی رابطہ