ماہرین فلکیات کی اس کوشش کی تفصیلات فلکی علوم کے معتبر جریدے اسٹرانومی اور ایسٹروفزکس (Astronomy & Astrophysics) میں شائع کی گئی ہیں۔ کائنات کے اس نقشے میں علوم فلکی اور اجرام سماوی کی طبیعات کے ماہرین نے گیارہ ارب برس قبل کی کائنات کے منظر کو ایک شکل دینے کی کوشش کی ہے۔ سائنسدانوں کی اس ٹیم نے نقشے میں یہ ظاہر کرنے کی کوشش کی ہے کہ تخلیق کائنات سے منسلک بِگ بینگ کے بعد کائنات میں رونما ہونے والی وسعت کا کسی طور احاطہ کیا جائے۔ بِگ بینگ کے بعد کائنات میں ظاہر ہونے والی وسعت کے بارے میں ایسٹرو فزکس کے ماہرین کا خیال ہے کہ یہ اب بھی جاری ہے۔
جریدے اسٹرانومی اور ایسٹروفزکس میں شائع ہونے والے نقشے میں اُس نظریے کو بھی واضح کرنے کی کوشش کی گئی ہے کہ بِگ بینگ کے بعد کائنات میں تقریباً تین ارب سال کا طویل عرصہ قدرے سست رفتار رہا اور پھر وسعت کے عمل میں تیزی پیدا ہوئی تھی۔ ماہرین کے خیال میں اسی عرصے کے دوران مجتمع ہونے والی کائناتی قوت، جسے ماہرین فلکیات ڈارک انرجی (Dark Energy) کا نام دیتے ہیں، اُس تاریک قوت کے عمل پذیر ہونے سے کہکشاؤں کے درمیان طویل فاصلوں نے جنم لیا اور یہ ایک دوسرے سے بتدریج دوری اختیار کرتی گئیں۔
ماہرین نے اس نقشے میں بِگ بینگ کے بعد رونما ہونے والی تقریباً تمام تبدیلیوں کو کسی طور جامعیت دینے کی کوشش بھی کی۔ اسی نظریے کے تحت نقشہٴ کائنات میں انتہائی دوری پر مختلف کہکشاؤں کو متحرک دکھایا گیا ہے۔ نظریے کے ماہرین کے مطابق کائنات میں بگ بینگ کے بعد پیدا ہونے والی سماوی تابکاری یا ریڈی ایشن (cosmic radiation) کے باعث گلیکسیز اور ملکی ویز میں دوری وقوع پذیر ہوئی تھی۔ برطانیہ کی (Portsmouth) یونیورسٹی کے سائنسدان میٹ پیئری (Mat Pieri) کا کہنا ہے کہ اس تحقیقی عمل کے بعد یہ کہا جا سکتا ہے کہ اربوں سالوں کا طویل عرصہ گزارنے کے بعد بھی یہ کائنات ابھی نوعمر ہے۔
کائنات کے جس نقشے کو مرتب کیا گیا ہے، اس پر سن 2009ء سے تحقیقی عمل جاری ہے۔ اس ریسرچ میں کل 63 ماہرین فلکیات اور ایسٹروفزکس کے ماہرین شریک تھے۔ اس نقشے کی تیاری میں کئی جدید ٹییکنیکل آلات کا سہارا بھی لیا گیا۔ ان ماہرین نے جدیدی تکنیکی سہولتوں سے ایسے پچاس ہزار سیاروں اور سیارچوں کا بھی مطالعہ کیا گیا، جن سے بہت زیادہ ریڈیائی لہروں کا اخراج جاری ہے۔ ان سیارچوں کی لہریں زمین کی جانب کائنات میں پھیلے ہائیڈروجن گیس کے گہرے بادلوں کو چیرتی ہوئی گزر رہی ہیں۔ اپنی تحقیق کی تکمیل پر سائنسدانوں نے قدیمی کائنات کی ایک تصویر بھی تیار کی ہے۔ ایسا امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ کائنات کے قدیمی نقشے پر جاری ریسرچ کو آئندہ برسوں میں بھی جاری رکھا جا ئے گا۔
اربوں برس قبل کی کائنات کا نقشہ
Posted on Nov 15, 2012
سماجی رابطہ