لندن کے علاقے سلاؤ بارک شائر میں واقع 'سلاؤ ایٹن چرچ فار بزنس اینڈ انٹرپرائز کالج' میں زیر ِتعلیم طالب علموں کی ایک بڑی تعداد مسلمان طلباء پر مشتمل ہے۔ کالج میں عبادت کرنے کی غرض سے یہاں زیر ِتعلیم لڑکوں اور لڑکیوں کے لیے علیحدہ علیحدہ کمرے مخصوص ہیں۔
چرچ آف انگلینڈ کے زیر انتظام چلنے والے سلاؤ کالج میں تقریبا ایک ہزار سے زائد طالب علم زیر تعلیم ہیں جن کی عمریں گیارہ سال سے انیس سال کے درمیان ہیں۔ یہاں زیر تعلیم مسلمان طلباء کی تعداد تقریبا 75 فیصد ہے۔
یہاں کالج کی اسمبلی میں روزانہ مذہبی نغمے نہیں گائے جاتے۔ جبکہ اسمبلی میں بائبل کے اقتباسات کو بھی اسی طرح شامل کیا جاتا ہے جس طرح دیگر مذاہب کی کتابوں کی عبارت پڑھ کر سنائی جاتی ہے۔
برطانوی محکمہ تعلیم کے ایک ادارے ofsted نے سال 2011 میں کالج کی جانچ کے بعد اسے کالج کو بہترین کالج ہونے کا سرٹیفکٹ دیا تھا۔ اسے چرچ آف انگلینڈ کی انتظامیہ کی جانب سے شہر کی بہترین درسگاہ کے طور پر جانا جاتا ہے۔
کالج کے ہیڈ ٹیچر پاؤل میک اتیر نے برطانوی روزنامے ٹائم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کالج میں جن اقدار کو فروغ دیا جارہا ہے وہ کرسچن ہی ہیں جس کی قدروں میں ایمانداری، دیانت داری اور انصاف جیسی صفات شامل ہیں۔
انھوں نے بتایا کہ، 'ایک ایسا کالج جہاں متضاد عقائد کے ماننے والے ساتھ پڑھ رہے ہوں اس کےلیے ایک جامع پالیسی مرتب کرنا آسان نہیں تھا۔ اسی حقیقت کو دھیان میں رکھتے ہوئے کالج کے لیے ایک مخصوص ضابطہ اخلاق مرتب کیا گیا ہے۔'
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ان کے کالج میں کرسچین اقدار بہت حد تک غالب نظر آتی ہے نسبتا ان تعلیمی اسکولوں کے جو چرچ کے زیر انتظام نہیں چلائے جاتے ہیں۔
کالج کی اسمبلیوں میں سنائے جانے والےمذہبی ا قتباسات کے حوالے سےان کا کہنا تھا ۔ ''یہ اخلاقی اصولوں پر مبنی ایک پیغام ہوتا ہے جس میں انسانیت اور روحانی مسائل شامل ہوتے ہیں جن کا تعلق ہر انسان سے ہوتا ہے۔''
کالج میں مہیا کئے جانے والا لنچ مکمل طور پر حلال ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ مسلمان طالب علموں کے لیے لنچ کے وقت ظہر کی نماز ادا کرنے کا انتطام موجود ہے۔ ہیڈ ٹیچر اتیر نے کہا کہ، 'کالج میں عبادت کرنے کے لیے علحیدہ علحیدہ کمرے محض مسلمان طالب علموں کے لیے نہیں ہیں لیکن ایسا کرنے کے پیچھے یہ ہی سوچ کار فرما تھی کہ مسلمان طالبات یہاں آرام سے عبادت کر سکیں۔'
ان کا ماننا ہے کہ وہ کرسچین مذہب کے اسی پیغام کو اجاگر کر رہے ہیں جس کا مقصد تمام فرقوں کے مابین برداشت اور تحمل کے جذبے کو عام کرنا ہے اور ایک دوسرے کے لیے احترام پیدا کرنا ہے۔ ان کے کالج کے طالب علم اس کی سب سے بڑی مثال ہیں۔
چرچ آف انگلینڈ کے مطابق بیشتر پرائمری اور سکینڈری اسکول جنھیں چرچ انتطامیہ رضا کارانہ طور پر چلارہی ہے یا ایسے اسکول جنھیں رضا کارانہ طور پر امداد فراہم کی جا رہی ہے اس امداد کا 80 فیصد سے زائد حصہ مسلمان کمیونٹی کی جانب سے مہیا کیا جاتا ہے۔
برطانیہ کے سلاؤ چرچ کالج میں مسلمان طالب علموں کی اکثریت
Posted on Apr 25, 2013
سماجی رابطہ