بلیک بیری بنانے والی کمپنی ریسرچ ان موشن نے اپنے اسمارٹ فون کے پانچ نئے ماڈلز متعارف کرائے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس کمپنی کی طرف سے اس پیشرفت کا مقصد دراصل آئی فون اور اینڈرائڈ فونز کی بڑھتی مقبولیت کا مقابلہ کرنا ہے۔
کینیڈا کی کمپنی RIM کی طرف سے یہ نئے اسمارٹ فونز اپنے اس اعلان کے محض ایک ہفتے بعد ہی متعارف کرائے گئے جس میں کہا گیا تھا کہ یہ کمپنی دو ہزار ملازمتیں کم کر رہی ہے۔ یہ اس کمپنی کے اسٹاف کا 10 فیصد بنتا ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں میں بھی تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کبھی اسمارٹ فونز کی دنیا میں راج کرنے والی اس کمپنی کے مطابق ان اقدامات کا مقصد اپنا وجود برقرار رکھنے کی کوشش ہے۔
ریسرچ ان موشن کے صدر اور شریک چیف ایگزیکٹیو مائیک لیزاریڈِس Mike Lazaridis نے نئے اسمارٹ فونز متعارف کراتے ہوئے کہا: ’’ ہماری کمپنی کی تاریخ میں عالمی سطح پر بلیک بیری اسمارٹ فونز کی یہ سب سے بڑی لانچ ہے۔‘‘
ایک مارکیٹ ریسرچ کمپنی کینالِس Canalys کے مطابق اسمارٹ فونز کی بڑھتی مقبولیت کے ساتھ ساتھ بلیک بیری فونز کی فروخت میں بھی اضافہ تو ہوا ہے، مگر اس کمپنی کا عالمی مارکیٹ میں شیئر اب محض 12 فیصد رہ گیا ہے۔ کینالس کی طرف سے جاری کردہ اعداد وشمار کے مطابق اسمارٹ فونز مارکیٹ میں اینڈروئڈ آپریٹنگ سسٹم کے حامل فونز کا شیئر 38 فیصد تک پہنچ گیا ہےجبکہ ایپل کے آئی فون کا شیئر 19 فیصد ہے۔
ریسرچ ان موشن کی طرف سے متعارف کرائے گئے تمام نئے اسمارٹ فونز جن میں بلیک بیری بولڈ کے تین اور بلیک بیری ٹارچ کے دو نئے ماڈلز شامل ہیں، بلیک بیری سیون آپریٹنگ سسٹم پر کام کرتے ہیں۔ یہ تمام فونز پہلے سے متعارف کرائے گئے بلیک بیری فونز کے ماڈلز کے مقابلے نہ صرف پتلے ہیں بلکہ ان کے مقابلے میں زیادہ تیز رفتار بھی ہیں۔ ان ٹچ اسکرین اسمارٹ فونز کا نہ صرف براؤزر زیادہ بہتر ہے، بلکہ ان میں آواز کے ذریعے تلاش یعنی وائس ایکٹیویٹڈ سرچ کے علاوہ نئی ایپلیکیشنز بھی متعارف کرائی گئی ہیں۔
اس کے باوجود کہ کی بورڈ بلیک بیری اسمارٹ فونز کا ایک اہم فیچر رہا ہے، بلیک بیری ٹارچ کے نئے متعارف کرائے گئے دو ماڈلز میں کی بورڈ سرے سے ہی ختم کردیا گیا ہے، جبکہ تیسرے ماڈل میں ایک باہر نکلنے والا یعنی سلائیڈ آؤٹ کی بورڈ موجود ہے۔
بلیک بیری بولڈ کے متعارف کرائے گئے دونوں ماڈلز میں ’نیئر فیلڈ کمیونیکشنز چِپ‘ موجود ہے جس کی مدد سے آپ اپنے اسمارٹ فون کو بطور کریڈٹ یا کیش کارڈ بھی استعمال کرسکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے آپ کو پے منٹ ٹرمینل کے سامنے محض اپنا فون لہرانا ہوگا۔
مارکیٹ ریسرچ کمپنی اووم کے تجزیہ کار ٹونی کرپس Tony Cripps کے مطابق بلیک بیری کے نئے ماڈلز دراصل ریسرچ ان موشن کمپنی کی تاریخ کے سب سے اہم اسمارٹ فونز ہیں۔ تاہم ان کا کہنا ہے کہ ان نئے ماڈلز کی کامیابی کا دار ومدار اس بات پر ہے کہ اس کا آپریٹنگ سسٹم اور فیچرز تھرڈ پارٹی سافٹ ویئر ڈیویلپمنٹ کمپنیوں کو کس حد تک اپنی طرف مائل کرتے ہیں کہ وہ ان کے لیے جدید ایپلیکیشنز تیار کریں۔
بلیک بیری اسمارٹ فون کے پانچ نئے ماڈلز
Posted on Aug 15, 2011
سماجی رابطہ