امریکی سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ دنیا میں کاربن ڈائی آکسائڈ خارج ہونے کے سبب برف کے اگلے دور میں تاخیر ہو سکتی ہے۔
پچھلی مرتبہ دنیا میں برف کا یہ دور گیارہ ہزار پانچ سو سال پہلے ختم ہوا تھا لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ برف کا اگلا دور کب شروع ہوگا۔
تحقیق کاروں نے زمین کے مدار میں موجود تمام اعدادوشمار کا استعمال کرکے یہ پتہ لگانے کی کوشش کی ہے کہ دو برفانی ادوار کے درمیان گرم دور کونسا ہے جو کہ بظاہر موجودہ دور ہے۔
سائنسدانوں نے سائنسی جریدے ’نیچر جیو سائنس‘ میں لکھا ہے کہ دنیا میں اگلا برفانی دور ڈیڑھ ہزار سال کے اندر شروع ہونا چاہئیے لیکن کاربن ڈائی آکسائڈ کا اخراج اتنا زیادہ ہے کہ اس میں تاخیر ہو سکتی ہے۔
تحقیق کاروں کے ایک اور گروپ کا کہنا ہے کہ اگر گیسوں کا یہ اخراج فوری طور پر بند بھی کر دیا جائے تو بھی ہمارے سمندروں میں ماحول میں اتنی گرمی ہے کہ برف پگھلنے اور سطح سمندر میں اضافے کا سلسلہ جاری رہےگا۔
برفانی دور سے گرم دور میں تبدیلی کی وجہ زمین کے مدار میں مختلف تبدیلیاں ہوتی ہیں اور یہ تبدیلیاں ہزاروں سال میں آتی ہیں۔
کاربن کا اخراج برف کے دور میں تاخیر کا سبب
Posted on Jan 10, 2012
سماجی رابطہ