معروف فلم سٹار چارلی چیپلن کا واحد ناول تحریر ہونے کے 66 سال بعد شائع کیا گیا ہے۔
چارلی چیپلن کے سوانح نگار ڈیوڈ رابنسن نے’ فُٹ لائٹس‘ نامی یہ ناول مرتب کیا ہے۔ چارلی چیپلن کی 1952 میں بننے والی فلم ’لائم لائٹس‘ اسی ناول پر مبنی تھی۔
اٹلی کے شہر بولونیا میں چیپلن آرکائیوز میں اس ناول کے ابتدائی حصے ملے تھے۔ منگل کے روز چارلی چیپلن کے تخلیق کردہ کردار ’لٹل ٹریمپ‘ کے 100 سال پورے ہونے کے موقعے پر لندن میں ایک تقریب میں اس ناول کی رونمائی کی جائے گی۔
فٹ لائٹس70 صفحوں پر محیط ہے اور اس میں تقریباً 34 ہزار الفاظ ہیں۔ چارلی چیپلن کو اپنے ناول کو فلم کے سکرپٹ میں بدلنے میں تین سال لگے تھے۔
یہ ناول ڈیوڈ رابنسن کی کتاب ’دی ورلڈ آف لائم لائٹ‘ میں ایک حصے کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔
لائم لائٹ کو چارلی چیپلن کی چند آخری بہترین فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔
اس فلم کی کہانی کا مرکزی کردار ایک مسخرے کا ہے جو کہ ایک رقاصہ کو خودکشی کرنے سے بچاتا ہے اور ان کو اپنا کریئر دوبارہ شروع کرنے میں مدد کرتا ہے۔
اس فلم میں ایک موقعے پر چارلی چیپلن کے دور کے معروف مزاحیہ فن کار بسٹر کیٹن بھی ان کے سامنے نظر آتے ہیں۔ یہ واحد موقع ہے جب یہ خاموش فلموں کے دور کے یہ دو بے مثال اداکار ایک ساتھ سکرین پر اکٹھے نظر آئے ہوں۔
منگل کے روز ہونے والی تقریب میں چارلی چیپلن کے بارے میں متعدد کتابیں لکھنے والے ڈیوڈ رابسن کے ساتھ کلیئر بلوم بھی شرکت کریں گی۔
کلیئر بلوم نے لائم لائٹ میں مرکزی کردار ادا کیا تھا اور اس کے حوالے سے ان کی بہت تعریف کی گئی تھی۔
چیپلن آرکائیوز میں ایک لاکھ سے زیادہ دستاویزات موجود ہیں۔
چارلی چیپلن کا واحد ناول 66 سال بعد شائع
Posted on Feb 06, 2014
سماجی رابطہ