سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک نے اس خامی پر فوراً قابو پا لیا ہے جس کہ تحت کئی اکاؤنٹس تک بغیر ’پاس ورڈ‘ دیے رسائی حاصل کر لی گئی۔
اس وائرس کے بارے میں ہیکر نیوز نامی ویب سائٹ پر شائع پیغام میں بتایا گیا۔
اس پیغام میں گوگل کا ایک لنک دیا گیا تھا جس میں لاکھوں اکاؤنٹس کے لنکس موجود تھے۔
ان میں سے بعض اکاؤنٹس کے لنکس پر کلک کرنے سے بنا پاس ورڈ دیے اس اکاؤنٹ تک رسائی ممکن تھی۔ ان لنکس میں فیس بک کے صارفین کے ای میل پتے بھی موجود تھے۔
اس پیغام میں فیس بک کا وہ نظام ظاہر کر دیا گیا تھا جس کے ذریعے فیس بک اپنے صارفین کو فوری طور پر ان کے اکاؤنٹ تک رسائی دیتا ہے۔
یہ وہی لنک ہے جو اکثر فیس بک میں سٹیٹس اپ ڈیٹس اور نوٹیفیکیشن سے متعلق آنے والے ای میلز میں موجود ہوتا ہے جو صارفین کو ان کے اکاؤنٹ تک فوری رسائی دیتا ہے۔
فیس بک کے سکیورٹی انجینیئر میٹ جانز کا کہنا ہے کہ یہ لنکس صرف اکاؤنٹ ہولڈرز کے ای میلز میں بھیجے جاتے ہیں اور انہیں صرف ایک بار ہی کلک کیا جا سکتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ظاہر کیے جانے والے لنکس میں سے لاکھوں لنکس ایکسپائر ہو چکے تھے۔
تاہم انہوں نے کہا کہ ’چونکہ بعض لنکس ظاہر ہو چکے ہیں اس لیے جز وقتی طور پر اس سہولت کو بند کیا جا رہا ہے تاکہ ان صارفین کی سکیورٹی کو بہتر بنایا جا سکے‘۔ ظاہر ہونے والے اکاؤنٹس میں سے زیادہ تر چین اور روس کے صارفین کے ہیں۔
فیس بک اکاؤنٹس تک بغیر پاس ورڈ رسائی
Posted on Nov 05, 2012
سماجی رابطہ